Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ میں کورونا سے مرد زیادہ متاثر، پاکستان میں کُل 86 ہلاکتیں

پاکستان میں کورونا وائرس کے مریٖضوں کی تعداد پانچ ہزار سے زائد ہوگئی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 254 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا سے متاثر افراد کی تعداد پانچ ہزار 170 ہوگئی ہے۔
ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 14 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی۔
اتوار کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے اب تک 5 ہزار38 مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد  ایک ہزار 26 ہے۔
 
اب تک کورونا کے 86 مریض اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں جب کہ 38 حالت نازک بتائی جاری ہے۔
کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب ہے جہاں مزید 39 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2464 ہو گئی ہے۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اب تک 701 زائرین سینٹر، 758 رائیونڈ سے منسلک افراد، 80 قیدیوں، 925 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ عام شہروں میں سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 426 کنفرم مریض ہیں۔ 
صوبہ سندھ میں کورونا کے ایک ہزار 411  کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 389 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ صوبے میں اب تک 28 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے اور یہ تعداد دوسرے کسی بھی صوبے سے زیادہ ہے۔
اتوار کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا کے 93 نئے کیسز  ظاہر ہوئے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 569 نئے ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 93 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

سندھ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو مریض انتقال کر گئے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

وزیر اعلیٰ کے مطابق صوبے میں مزید دو مریض انتقال کرگئے جب کہ 18 مریض صحت یاب ہوکر گھر جا چکے ہیں۔
’اب تک 389 مریض  صحت یاب ہوکر گھر چلے گئے ہیں۔ اس حساب سے کورونا وائرس کے مریضوں کی صحت یابی 28 فیصد ہے۔‘
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں 71  مریضوں  کی عمریں ایک تا 10 سال، 118 مریضوں کی 11 تا 20 سال ہے۔ ’  311مریضوں کی عمریں 21 تا 30 سال اور 260 مریضوں کی 31 تا 40  سال ہے جب کہ196  مریضوں کی عمریں 41 تا 50 سال اور 226 مریضوں کی عمریں 51 تا60  سال ہے۔
ان کے مطابق152 مریضوں کی عمریں 61 تا 70 سال اور 47 مریضوں کی عمریں 71  تا 80 سال ہے۔ جب کہ  پانچ مریضوں کی عمریں 81 تا 90 سال کے درمیان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انفیکشن سے متاثرہ لوگوں کی عمریں بتا رہی ہے کہ کوئی بھی وائرس سے متاثر ہوسکتا ہے۔  کل کورونا وائرس سے متاثرہ  مریضوں میں 68.3 فیصد مرد ہیں جب کہ 31.7 فیصد خواتین ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا کے 697 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ صوبے میں 25 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ 131 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
بلوچستان میں کورونا وائرس کے 228 مریض سامنے آئے ہیں جب کہ صوبے میں وائرس سے صرف ایک ہلاکت ہوئی ہے جب کہ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 95 ہے۔
گلگت بلتستان میں 216 افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ علاقے میں 125 افراد صحت یاب اور تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 14 افراد ہلاک ہوئے (فوٹو: سوشل میڈیا)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 119 ہے جن میں سے 13 افراد صحت یاب ہوئے جب کہ ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطاب کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ آٹھ ہزار 862 ہو گئی ہے جب کہ امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 17 لاکھ 77 ہزار 517 ہو گئی ہے جب کہ کورونا کے چار لاکھ چار ہزار 236 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

شیئر: