Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین بڑھتے ہوئے غیر مقامی کیسز سے پریشان

عالمی وبا سے براعظم یورپ اور امریکی ریاستیں سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
دنیا بھر میں کورونا وائرس کا شکار ہو کر مرنے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 12 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ سپین نے وبا میں کمی آنے پر اپنی معیشت کے کچھ حصوں کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دنیا کے 190 سے زائد ملکوں میں اب تک 18 لاکھ سے زائد افراد عالمی وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
وائرس سے مرنے والوں اور متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد امریکی شہریوں کی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈیڑھ ہزار سے زائد مریض کورونا سے ہلاک ہوئے جبکہ کل تعداد 22 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ متاثرہ افراد کی تعداد پانچ لاکھ 55 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

 

اے ایف پی کے مطابق یورپ میں سامنے آنے والے ساڑھے نو لاکھ مریضوں میں سے 77 ہزار سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار کے لگ بھگ ہے جبکہ سپین میں 17 ہزار، فرانس میں 14 ہزار 400 اور برطانیہ میں 10 ہزار 600 سے زائد شہری کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق سپین میں وبا سے ہلاکتوں میں کمی آنے کے بعد سپین نے پیر کو بعض علاقوں میں فیکٹریوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فرانس اور امریکہ میں بھی کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں کمی آئی ہے۔
سپین میں گزشتہ ہفتے ہلاکتوں کی تعداد میں کمی آئی تاہم اتوار کو ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا۔
سپین کے وزیراعظم پیڈرو سانشز نے کہا ہے کہ ’ابھی کامیابی بہت دور ہے۔‘ اپنے خطاب میں سپین کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ہم سب دوبارہ سے گلیوں میں نکلنے کو بے تاب ہیں۔ لیکن اس کے ساتھ ہی ہماری خواہش ہے کہ اس جنگ کو جیتا جائے اور وبا کے دوبارہ حملے سے بچا جائے۔‘
اے ایف پی کے مطابق وائرس سے بری طرح متاثرہ یورپ کے ملک اٹلی میں تین ہفتوں کے بعد گزشتہ دنوں ہلاکتوں میں تیزی سے کمی دیکھی گئی ہے۔

سپین میں وائرس سے ہلاک ہونے والی نرس کو ساتھی خواتین خراج عقیدت پیش کرنے کے لے کھڑی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

اے ایف پی کے مطابق چین میں حکام نے کہا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے 108 افراد میں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جو ایک دن میں اس طرح کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
چین میں حکام کو خدشہ ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے کورونا کیسز کی وجہ سے ملک میں وائرس دوبارہ پھیل سکتا ہے۔
چین کے نینشل ہیلتھ کمیشن نے کہا ہے کہ روس سے چین کے صوبے ہیلونگنج میں داخل ہونے والے 49 چینی شہریوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
ورلڈ بینک نے خبردار کیا ہے کہ وائرس کے پھیلنے اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے جنوبی ایشیائی ملکوں کی معیشت انتہائی بدحالی کا شکار ہو رہی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق ورلڈ بینک نے جنوبی ایشیا کے ملکوں کی معاشی ترقی کی شرح کے بارے میں کہا ہے کہ اب یہ ایک اعشاریہ آٹھ سے دو اعشاریہ آٹھ فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
وبا سے قبل اس خطے کی معیشتوں کی ترقی کی شرح کے بارے میں چھ اعشاریہ تین فیصد بڑھوتری کے اندازے لگائے گئے تھے۔

شیئر: