Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھر گھر جا کرعلاج کرنے والی ڈاکٹر اور نرس گرفتار

گرفتار کی جانے والی نرس وزٹ ویزے پر مقیم تھی(فوٹوعاجل)
ریاض ریجن میں غیرقانونی طور پر گھر گھر جا کر لوگوں کا علاج کرنے والی خاتون ڈاکٹر اور نرس کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
گرفتار کی جانے والی نرس وزٹ ویزے پر سعودی عرب میں مقیم تھیں جو لیڈی ڈاکٹر کے ساتھ مل کر غیرقانونی طریقے سے لوگوں کو ان کے گھروں پر علاج معالجے کی خدمات مہیا کرتی تھیں۔
مقامی ویب نیوز عاجل کے مطابق ریاض ریجن میں وزارت صحت کو اطلاع ملی تھی کہ ایک لیڈی ڈاکٹر گھروں پر میٹرنیٹی کی خدمات فراہم کرتی ہے۔
وزارت صحت نے متعلقہ سیکیورٹی ادارے کے تعاون سے ملزمہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کی۔
وزارت صحت کے شعبہ نگرانی کے اہلکار عبداللہ القحطانی نے بتایا کہ ’لیڈی ڈاکٹر اور نرس طبی احتیاطی تدابیر اختیار کیے بغیر مریضوں کا معائنہ کرتی تھیں۔علاوہ ازیں مریضوں سے حاصل کیے گئے خون کے نمونوں کو طبی اصولوں کے خلاف محفوظ کیا جاتا تھا جس سے سیمپلز خراب ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔'
انہوں نے مزید بتایا کہ 'ڈاکٹر اور نرس سے برآمد ہونے والے طبی آلات کو بھی عام طریقے سے رکھا گیا تھا انہیں اصولوں کے مطابق سینیٹائز بھی نہیں کیا جاتا ہے جس سے مرض پھیلنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔‘

لائسنس یافتہ معالجین کو گھروں پر جاکر علاج فراہم کرنے کی اجازت ہے(فوٹو عکاظ)

القحطانی نے مزید کہا کہ لیڈی ڈاکٹر اور نرس کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں متعلقہ ادارے کے سپرد کر دیا گیا جہاں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے وزارت صحت کی جانب سے موجودہ حالات کے پیش نظر گھروں پر علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مخصوص طبی عملے کو ہی اجازت دی گئی ہے جو تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے بعد گھروں میں علاج کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
باقاعدہ لائسنس یافتہ معالجین کو ہی گھروں پر جا کر علاج و معالجے کی خصوصی اجازت دی گئی ہے، لائسنس کے بغیر کوئی بھی معالج ہوم سروس از خود فراہم نہیں کرسکتا۔

شیئر: