Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'چین کو کورونا کے پھیلاؤ پر سوالوں کے جواب دینا ہوں گے'

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ امریکہ اور یورپ متاثر ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ نے کہا ہے کہ چین کو کورونا وائرس پھوٹنے اور پھیلنے سے متعلق سخت سوالوں کے جواب دینا ہوں گے۔
برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ چین کو بتانا ہوگا کہ کورونا وائرس کیسے پھوٹا اور کیا اس کو روکنا ممکن تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے کہا کہ وائرس کے پھیلاؤ اور اس کے بعد پیدا ہونے والے حالات کا سائنسی بنیادوں پر گہرائی میں جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔  
’اس میں کوئی شک نہیں کہ اس بحران کے بعد کاروبار زندگی معمول پر نہیں، ہمیں اس وبا سے متعلق سخت سوالات کرنا ہوں گے کہ کیسے یہ وائرس سامنے آیا اور اس کو کیسے وقت پر روکا نہیں جا سکا۔‘
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے برطانیہ اور نیویارک میں لاک ڈاؤن کو کئی ہفتوں تک بڑھا دیا گیا ہے۔
برطانیہ کے وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے لاک ڈاؤن تین ہفتوں کے لیے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
برطانیہ میں کورونا وائرس سے تقریباً ایک لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 14 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
نیویارک کے گورنر انڈریو کوامو کے مطابق جب تک کورونا وائرس کے کیسز میں کمی نہیں آتی تب تک احتیاط سے کام لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیویارک میں گیارہ ہزار سے زیادہ اموات ہوئی ہیں جبکہ پانچ لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔
’ہم سو وینٹی لیٹرز نیو جرسی اور مشی گن اور پچاس وینٹی لیٹرز میری لینڈ کو عطیہ کریں گے۔ اب ہمیں وسائل کو بانٹنے کی سمجھ آگئی ہیں۔‘

دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد اکیس لاکھ سے بڑھ گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق جاپان نے ملک میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گورنرز کو اختیار ہوگا کہ کاروبار کو بند رکھیں اور لوگوں کو گھروں تک محدود رکھیں۔
دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 21 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 40 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
کورونا وائرس سے امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے  جہاں متاثرہ کیسز کی تعداد چھ لاکھ 41 ہزار سے زیادہ ہے۔ سپین میں ایک لاکھ 82 ہزار، اٹلی ایک لاکھ 68 ہزار، جرمنی ایک لاکھ 35 ہزار اور فرانس میں ایک لاکھ 34 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

شیئر: