Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'غیر ملکی کارکن ہمارے مہمان ہیں'

مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ  سعودی عرب میں رہنے والے غیر ملکی کارکن  ہمارے مہمان ہیں۔ ان کی فلاح و بہبود اور حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔
عرب نیوز کے مطابق گورنر مدینہ منورہ نے کہا ہے کہ کسی بھی قومیت سے قطع نظر غیرملکی کارکنوں کی دیکھ بھال، ان کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے مناسب اقدامات ریاست کی کوششوں کا حصہ ہے۔

غیر ملکی کارکنوں کی دیکھ بھال ریاست کی کوششوں کا حصہ ہے(فوٹو عرب نیوز)

غیر ملکی کارکنوں کے لیے نئی تعمیرہونے والی رہائشی عمارتوں کا دورہ کرتے ہوئے شہزادہ فیصل بن سلمان نے کہا کہ ہمارا مذہب ہم سے تمام ملازمین کے ساتھ ہمدردی کا سلوک کرنے کا درس دیتا ہے۔ ہم انہیں کسی بھی قسم کی جسمانی یا نفسیاتی بیماری سے دوچار نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تارکین وطن جو اپنی اور اپنے خاندان کی بہتر اور متوازن زندگی  کے لیے یہاں آتے ہیں ، جب تک  وہ یہاں ہیں اور اپنے ملک واپس نہیں چلے جاتے ہماری ذمہ داری ہیں ، ہم ان کی سلامتی اور صحت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

تین بڑے ہاوسنگ پراجیکٹ تین ماہ کی مدت میں مکمل ہو جائیں گے(فوٹو عرب نیوز)

شہزادہ فیصل بن سلمان نے مزید کہا کہ یہ کارکن سعودی عرب کی ترقی میں  اپنا حصہ ڈال رہےہیں ، یہ کسی قسم کا کوئی بوجھ نہیں ہیں۔
 ہم چاہتے ہیں کہ یہ کارکن جب سعودی عرب سے  واپس جائیں تو ایک مثبت سوچ اور خیال لے کر جائیں کہ یہاں انہیں ملکی ترقی میں حصہ دار اور مہمان کے طور پر خوش آمدید کہا جاتا ہے۔
گورنر مدینہ نے واضح کیا کہ کارکنوں کی رہائش کے معاملہ پر کچھ عرصہ قبل نشاندہی کی گئی تھی جس کے بعد مختصر مدت میں اس پر کام ہوا ہے۔

مدینہ منورہ میں کارکنوں کی رہائش کے تین بڑے ہاوسنگ پراجیکٹ جاری ہیں(فوٹو عرب نیوز)

ضرورت کے پیش نظر اس کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں کارکنوں کی رہائش کے منصوبوں پربھی کام جاری ہے۔
مدینہ منورہ میں کارکنوں کی رہائش کے تین بڑے ہاوسنگ پراجیکٹ جاری ہیں جو آئندہ تین ماہ کی مدت میں مکمل ہو جائیں گے۔ ان منصوبوں کے مکمل  ہونے سے کارکنوں کے 40 فیصد رہائشی مسائل ختم ہو جائیں گے۔

ہاوسنگ پروجیکٹس کا مقصد معاشرے میں صحت اور حفاظت کو یقینی بنانا ہے(فوٹو ٹوئٹر)

وزارت بلدیہ اوردیہی امور کی جانب سے کارپوریشن کی حدود میں  پانچ نئے مقامات رہائش کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ نجی شعبہ اور سرمایہ کار آئندہ 18ماہ میں یہاں رہائشی منصوبوں کی تعمیر مکمل کرنے میں مدد کریں گے۔
یہ رہائشیں بین الاقوامی ماحولیات اور صحت کے اصولوں کے مطابق تیار کی جائیں گی۔
الخلیل کے علاقے میں جاری 39000 مربع میٹر رقبے پر تعمیر کئے جانے والے رہائشی منصوبے کے دورے کے موقع پر شہزادہ فیصل بن سلمان کو بتایا گیا کہ اس منصوبے میں 976 ہاوسنگ یونٹ شامل ہیں۔

کارکنوں کو ملکی ترقی میں حصہ دار اور خوش آمدید کہا جاتا ہے(فوٹو الشرق الاوسط)

یہ  3000 کارکنوں کے لیے جدید ترین عمارتوں کا منصوبہ ہے جہاں 900 نمازیوں کے لیے دو منزلہ مسجد بھی تعمیر کی جا رہی ہے۔
یہاں کارکنوں کے لیے ایک الگ بلڈنگ میں کینٹین، سپر مارکیٹ اور  جم بھی موجود ہوگی۔ مرکز صحت کے ساتھ خدمت کے دیگر دفاتر اور سکیورٹی کے طور پر نگرانی کا بھی مکمل بندوبست کیا جا رہا ہے۔
مدینہ منورہ میں کارکنوں کے لیے ان ہاوسنگ پروجیکٹس کا مقصد پورے معاشرے میں صحت اور حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
نجی  شعبے کے کارکنوں کو سہولیات فراہم کرنے سے  وبائی امراض کے پھیلاو کو  روکنے اورکارکنوں کو  بہتر ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
  • سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: