Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: لاک ڈاون کے باوجود میلے کا انعقاد، سینکڑوں افراد شریک

ضلعی انتظامیہ نے لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر گاؤں کو پوری طرح سیل کر دیا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
کورونا وائرس نے پوری دنیا میں دہشت پھیلا رکھی ہے اور تمام ممالک اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاون سمیت مختلف اقدامات کررہے ہیں۔
لوگوں کو احتیاطی تدابیر کے طور پر سماجی دوری اپنانے اور غیرضروری باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ہر طرح کی تقریبات پر پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ کورونا وائرس کی وبا پر قابو پایا جاسکے۔
لیکن اس ساری صورتحال کے باوجود انڈیا کی جنوبی ریاست کرناٹک میں کالبرگی ضلعے کے ایک مندر میں لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رتھ کھینچنے کے سالانہ میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
انڈیا میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کالبرگی ضلعے میں ہی ہوئی تھی۔ ضلعی انتظامیہ نے لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر اس گاؤں کو پوری طرح سیل کر دیا ہے اور ابھی تک کم از کم پانچ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
انڈیا میں سوشل میڈیا صارفین اس تقریب کے حوالے سے ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے تبصرے کررہے ہیں۔
نیو انڈین ایکسپریس کی صحافی انوشا روی سود نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'کالبرگی کے ایک گاؤں چتتاپور جو کہ کووڈ 19 کا بہت حد تک ہاٹ سپاٹ ہے وہاں لاک ڈاؤں کی خلاف ورزی کی گئی ہے جہاں سدھالنگیشور رتھ تہوار کے لیے سینکڑوں افراد یکجا ہوئے۔ اس ضلعے میں ملک میں کووڈ 19 سے پہلی موت ہوئی تھی اور اب تک کل تین اموات ہو چکی ہیں جبکہ 18 ایکٹو کیسز ہیں۔'

 اگرچہ ضلعی انتظامیہ اور مندر ٹرسٹ کے اراکین نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ اس تہوار کو نہیں منایا جائے گا تاہم اس کے باوجود اس تہوار کو نہ روک پانے پر چتتاپور تعلقہ کے ڈویژنل مجسٹریٹ اور سب انسپکٹر کو معطل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب دی ہندو اخبار کے مطابق وسطی ریاست مدھیہ پردیش کو کووڈ 19 کا نیا ہاٹ سپاٹ کہا جا رہا ہے کیونکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں یہاں 20 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد انڈیا میں مجموعی طور پر اب تک کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 470 ہو گئی ہے۔

انڈیا میں کورونا وائرس کی جانچ کرنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز پر حملوں کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے(فوٹو:سوشل میڈیا)

انڈیا میں کورونا وائرس کی جانچ کرنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز پر حملوں کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انڈیا کے ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کی ویب سائٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں شمال مشرقی ریاست بہار میں چار مقامات پر کووڈ کی جانچ کرنے والی ہیلتھ ٹیم پر حملہ ہوا ہے۔ دو حملے بہار شریف میں ہوئے جو وزیر اعلی نتیش کمار کا اپنا شہر ہے۔
حکومت بہار نے چار اضلاع سیوان، بیگوسرائے، نالندہ اور نوادہ میں کورونا کی جانچ کے لیے گھر گھر جانے کی مہم کا اغاز کیا کیونکہ اخبار کے مطابق بہار کے 60 فیصد کیسز انھی چار اضلاع سے ہیں۔
بہار میں اب تک کورونا کے 83 کیسز سامنے آئے ہیں اور اس میں ایک کی موت ہوئی ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں