Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ڈیئر کنگنا! میری رنگولی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں‘

کنگنا نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ فرح خان نے جھوٹا دعوی کیا کہ رنگولی نے مسلمانوں کے قتل عام کی بات کی ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی بہن کا ٹوئٹر اکاونٹ نفرت پھیلانے اور ٹوئٹر کے قواعد کی خلاف ورزی پر معطل کیا گیا تو وہ اپنی بہن کے دفاع میں بول اٹھیں۔
کنگنا رناوت نے انسٹاگرام اکاونٹ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بہن رنگولی نے ٹویٹ میں کہا تھا کہ جو لوگ ڈاکٹرز اور طبی عملے پر حملہ کررہے ہیں انہیں گولی سے مار دینا چاہیے۔
بالی وڈ کی 'کوئین' نے کہا کہ فرح علی خان نے جھوٹا دعوی کیا کہ رنگولی نے مسلمانوں کے قتل عام کی بات کی ہے۔ اگر ایسا کوئی بھی ٹویٹ ملتا ہے تو ہم دونوں سب کے سامنے معافی مانگیں گے۔ ہمارا یہ ماننا نہیں کہ صرف مسلمان ہی ڈاکٹرز اور طبی عملے پر حملہ کررہے ہیں۔‘
کنگنا رناوت کے اس وضاحتی پیغام کے کچھ ہی گھنٹے بعد اداکارہ فرح علی خان نے ٹوئٹر پر بالی وڈ کی 'کوئین' کے نام خط لکھا ہے جس میں انہوں نے رنگولی کے اکاونٹ کو رپورٹ کرنے کی وجہ بیان کی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ' میری پیاری کنگنا! رنگولی کی ٹویٹ پر میرا ردعمل اس لیے تھا کیونکہ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں خصوصی طور پر ملا اور سیکولر میڈیا کی بات کرتے ہوئے نازی کا لفظ استعمال کیا تھا۔ اس میں کہا گیا کہ ملا اور سیکولر میڈیا کو ایک لائن میں کھڑا کرکے گولی مار دینی چاہیے۔

فرح نے مزید لکھا کہ 'ٹویٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ہمیں اس عمل کے لیے چاہے نازی کہا جائے لیکن ہمیں پرواہ نہیں، جھوٹے امیج سے زیادہ زندگی اہم ہے۔'
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ کنگنا  کی بہت بڑی فین ہیں اور ان کی رنگولی سے کوئی ذاتی رنجش نہیں ہے۔
فرح علی خان نے لکھا کہ نازی لفظ اس یہودیوں کے قتل عام کے مترادف ہے جہاں 6 لاکھ یہودیوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد دوسری جنگ عظیم شروع ہوئی۔ 
انہوں نے اپنے خط کے اختتام پر لکھا کہ 'کسی فرقے کے لیے نفرت پھیلانا اور کچھ لوگوں کے عمل کی وجہ سے انہیں قتل کرنے کا کہنا قابل قبول نہیں۔'

شیئر: