Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا تارکین موجودہ حالات میں پاکستان جا سکتے ہیں؟

کورونا وائرس کے کیسز میں کمی آنے کے بعد حالات معمول کے مطابق آئیں گے (فوٹو:آئل اینڈ گیس)
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے حالات ابھی تک قابو میں نہیں آئے، سعودی عرب میں بھی  روزانہ سینکڑوں مریضوں کا اضافہ ہو رہا ہے، سعودی حکومت نے لوگوں کو اس وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری ہدایات کے تحت ’سوشل ڈسٹینسنگ‘ کے فارمولے پر عمل کرتے ہوئے ملک میں کرفیو نافذ کیا ہے تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ وقت گھروں میں گزاریں۔
کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لازمی ہے کہ سماجی رابطوں کو ختم کیا جائے تاکہ اس وائرس پر جلد ازجلد قابو پایا جاسکے۔ 
قارئین اردونیوز کی جانب سے سعودی عرب میں موجودہ صورتحال کے حوالے سے مختلف موضوعات پر مبنی سوالات ارسال کیے گئے ہیں جن کے جوابات حاضرہیں، قارئین سے گزارش ہے کہ اپنے سوالات کے ساتھ نام اور شہر کی بھی وضاحت کردیں علاوہ ازیں سوال واضح طور پردرج کریں تاکہ جواب دینے میں سہولت ہو۔
 بعض سوالات کے جوابات پہلے بھی اردونیوز میں دیے جاچکے ہیں تاہم مزید موصول ہونے والے استفسارات کے لیے انہیں مزید تفصیل سے بیان کیا جا رہا ہے۔
سوال۔ شریف الدین کا کہنا ہے، جس کمپنی میں کام کرتے تھے وہ بند ہو گئی ہے تنخواہ بھی نہیں ملتی، واپس جانے کے لیے پرواز یں کب شروع ہوں گی، ایمبسی جاتے ہیں تو وہ مناسب جواب نہیں دیتے؟
جواب۔ اس وقت دنیا جس بحران سے گزر رہی ہے اس میں آپ تنہا نہیں بلکہ یہ مشکل حالات سب کے لیے یکساں ہیں، جہاں تک واپس جانے کے لیے پروازوں کا سوال ہے تواس بارے میں کوئی بات حتمی طور پر نہیں کہی جاسکتی کیونکہ حالات کے مطابق حکومتیں فیصلے کرتی ہیں جیسے ہی کورونا وائرس پر قابو پالیا جائے گا اور اس مہلک بیماری کا شکار ہونے والوں کی تعداد میں کمی ہوگی پروازیں بحال ہوجائیں گی اس لیے کوئی بات حتمی طور پر نہیں کہی جاسکتی تاہم جیسے ہی فلائیٹں شروع ہوں گی اردونیوز میں اس کی خبر شائع کردی جائے گی۔

لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی سعودی عرب میں مقیم ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

محمد آصف نے سوال کیا کہ جدہ میں پھنسے ہوئے ہیں، بڑوں تک ہماری آواز پہنچانے میں مدد کریں، حالات ایسے ہوچکے ہیں کہ کورونا سے نہیں تو بھوک سے مرجائیں گے؟
جواب: ہماری کوشش ہے کہ اردونیوز اپنے قارئین کی آواز بن کر ان کے جائزمسائل کو اجاگر کرتا رہے تاکہ حکام تک وہ پہنچ سکیں۔ ہم یقین دلاتے ہیں کہ جہاں تک ممکن ہو سکا کمیونٹی کی خدمت کے لیے اردونیوز کے پلیٹ فارم کے توسط سے ہم قارئین کی آواز حکام بالا تک پہنچاتے رہیں گے۔
آپ نے کہا ہے کہ جدہ میں پھنسے ہوئے ہیں تاہم یہ ذکر نہیں کیا کہ آپ اقامہ پر ہیں یا دوسرے ویزے پر اور مسئلہ کیا ہے؟
جدہ قونصلیٹ کی جانب سے مسائل کے حل کے لیے چند نمبر مخصوص کیے گئے ہیں جن پر آپ رابطہ کر کے اپنا مسئلہ بیان کر سکتے ہیں۔ 6692371-66910046- امید ہے کہ قونصلیٹ کے حکام کی جانب سے آپ کے مسئلے کے حل کے لیے مناسب اقدام کیا جائے گا۔
سوال: غفورعلی کہتے ہیں کہ پاکستان کے لیے پروازیں کب شروع ہوں گی؟
جواب: کورونا وائرس کی وجہ سے ابھی تک سعودی عرب ہی نہیں بلکہ بیشتر ممالک کے لیے فضائی سروس پر پابندی عائد ہے، جیسے ہی پروازیں کھولی جائیں گی اردونیوز اس حوالے سے فوری طور پر مطلع کر دیا جائے گا۔

سعودی عرب میں بھی دوسرے ممالک کی طرح شہری گھروں تک محدود ہیں (فوٹو:اے ایف پی)

وصال خان پوچھتے ہیں کہ امارات سے پشاور کے لیے پروازیں کب شروع ہوں گی؟
جواب: حکومت پاکستان کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے حوالے سے خصوصی احکامات صادر کیے جا چکے ہیں اس ضمن میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ 21 اپریل سے فلائٹ آپریشن شروع کردیا جائے گا جو 28 اپریل تک جاری رہے گا، اس دوران ہر ہفتے 5 ہزار پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔
تاہم اس حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر دبئی میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے شیڈول بھی جاری کیا جاچکا ہے جس کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر مجبور اور انسانی حالات کا شکار ہم وطنوں کو لایا جائے گا۔
مٹھل چانڈیو کا سوال ہے کہ کیا ہم لوگ پاکستان جا سکتے ہیں، جوازات کا کیا کہنا ہے اس بارے میں ؟
جواب: اس حوالے سے سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن (جوازات) کی جانب سے جامع پروگرام مرتب کیا جا رہا ہے، جوازات کی جانب سے اپنے وطن جانے والوں کے لیے خصوصی مراعات کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جو لوگ وطن جانا چاہیں خواہ ان کے اقامے بھی ایکسپائر ہوں انہیں جانے کی اجازت ہوگی۔
تاہم اس حوالے سے ابھی تک معاملات زیر غور ہیں کیونکہ بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد ہے جیسے ہی پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سفری پابندیاں ختم ہوں گی یا خصوصی پروازاوں کا اعلان کیا جائے گا اردونیوز میں اس بارے میں فوری طور پر اطلاع فراہم کر دی جائے گی۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: