Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا کے 742 نئے کیسز

پاکستان میں وائرس سے ڈاکٹرز اور طبی عملہ بھی متاثر ہوا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 742 نئے کیسز آئے ہیں جبکہ 15 مریض ہلاک ہو گئے ہیں۔
جمعرات کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 'پاکستان میں وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد 224 ہوگئی ہے جبکہ ملک میں کل متاثرین 10 ہزار 513 ہیں جن میں سے دو ہزار 337 صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ملک میں 60 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔'
ہلاکتوں میں صوبہ خیبرپختونخوا پہلے نمبر پر ہے جہاں 83 افراد کی موت ہوئی، سندھ میں 69 اور پنجاب میں 58 افراد وبا سے لقمہ اجل بنے۔ بلوچستان میں آٹھ، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں تین، تین افراد وائرس کے باعث ہلاک ہوئے۔
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں مریضوں کی تعداد چار ہزار 590 ہے جبکہ سندھ دوسرا بڑا متاثرہ صوبہ ہے جہاں کل تین ہزار 373 افراد میں کورونا مثبت آیا۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 453 ہے جبکہ بلوچستان میں 552 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے۔

 

اسلام آباد میں 204 جبکہ گلگت بلتستان میں 290 مریض ہیں جبکہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں 51 مریض ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جس کی رپورٹ بدھ کی رات منفی آئی۔
بدھ کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد کے قومی ادارہ برائے صحت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'ملک میں اگلے تین سے چار ہفتوں کے دوران زیادہ کیسز آ سکتے ہیں اور شہریوں کو احتیاط کرنی چاہیے۔'
گذشتہ روز اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث شہر کے ایف سیون مرکز میں واقع ایک مدرسے باب الاسلام کو سیل کر دیا گیا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق مدرسہ باب الاسلام کے خطیب قائم علی شاہ کے والد دو دن قبل بیمار ہو کر انتقال کرگئے تھے جن کا کورونا ٹیسٹ موت کے بعد موصول ہوا تھا جو مثبت تھا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق ٹیسٹ مثبت آنے پر متوفی کے بیٹے اور دیگر رابطے میں رہنے والے افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سات کے نتائج مثبت آئے جس کے باعث مدرسے کو سیل کر کے جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا گیا۔

شیئر: