Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ثنا میر نے کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا

پاکستان کی وومن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر نے کرکٹ کو الوداع کہتے ہوئے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
سنیچر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ثنا میر اپنے 15 سالہ شاندار کرکٹ کیریئر کو خیر آباد کہہ دیا ہے۔‘
انہوں نے اپنے  کیریئر میں 226 بین الاقوامی میچوں میں شرکت کی جبکہ 2009 سے 2017 تک 137 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی۔ اپنے ایک روزہ کرکٹ کیریئر کا آغاز دسمبر2005، کراچی میں سری لنکا کے خلاف کیا جبکہ آخری ایک روزہ میچ نومبر2019، لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا۔ 120 ایک روزہ میچوں میں 151 وکٹیں حاصل کرنے کے  ساتھ ساتھ 1630 رنز بنائے جبکہ 106 ٹی ٹونٹی میچوں 89 وکٹیں اور 802 رنز بنائے۔
 
ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر ثناء میر کا کہنا تھا کہ وہ تہہ دل سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشکور ہیں جس نے انہیں 15 سال ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ 
ثناء میر نے کہا کہ وہ  سپورٹ اسٹاف، کھلاڑیوں، گراؤنڈ سٹاف اور ہر اس فرد کا شکریہ ادا کرتی ہیں جنہوں نے پس پردہ رہ کر  ان کی کامیابی اور ویمنز کرکٹ کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا۔ 
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے اہلخانہ اور مینٹورز کا بھی شکریہ ادا کرتی ہیں جن کے غیرمشروط تعاون نے انہیں عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی سے متعلق خواب کو حقیقت میں بدلنے میں مدد دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر اپنے ڈیپارٹمنٹ، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی بھی مشکور ہیں جنہوں نے پورے کیرئیر میں ان کا ساتھ دیا اور اگر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ جاری رہتی ہے تو وہ اس کے ساتھ کام کرتی رہیں گی۔
ثناء میر نے کہا کہ گذشتہ چند مہینوں نے انہیں سوچنے کا بھرپور موقع فراہم کیا اور ان کے نزدیک زندگی میں آگے بڑھنے کا یہی بہترین وقت ہے۔  انہیں یقین ہے کہ وہ ملک اور کھیل کے لیے بہترین کردار ادا کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔

ثنا میر نے اپنا آخری میچ گزشتہ برس نومبر میں کھیلا تھا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنے کرکٹ کیرئیر کے دوران وہ خواتین کرکٹ کی چند بہترین کھلاڑیوں سے ملیں اور ان سے گہری دوستی قائم ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کی کہانیاں اور فلسفے نے نہ صرف انہیں ایک مضبوط ایتھلیٹ بننے میں مدد کی بلکہ انہیں ایسا سبق دیا جو ہار، جیت یا کھیل سے منفرد ہے۔
ثناء میر نے کہا کہ جب وہ اپنے کیریئر پر نظر ڈالتی ہیں تو انہیں یہ جان کر اطمینان نصیب ہوتا ہے کہ وہ ایک ایسے عمل کا حصہ رہی ہیں جس کے نتیجے میں پہلے لارڈز میں کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2017 کا فائنل کھیلا گیا اور پھر آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2020 کا فائنل 87 ہزار تماشائیوں کی موجودگی میں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خواتین کرکٹ کی 2 بہترین کامیابیاں ہیں۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے اس موقع پر کہا ہے کہ وہ ایک شاندار کیرئیر پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ثناء میر کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف ایک طویل عرصہ پاکستان کی خواتین کرکٹ کا چہرہ رہیں بلکہ نئی نسل کے لیے ایک قابل تقلید ایتھلیٹ بھی ہیں۔
وسیم خان نے کہا کہ ثناء میر نے اپنے جذبے اور لگن سے ملک میں موجود دیگر خواتین کرکٹرز کے لیے راہ ہموار کی۔ان کا کہنا ہے کہ ثناء میر نے اپنی کارکردگی سے نہ صرف پاکستان میں خواتین کرکٹرز کی پروفائل بہتر کی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بھی بہتر کیا

شیئر: