Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھر پہنچنے کے لیے شہری پیاز کا تاجر بن گیا

پریم مورتی نے 25 ہزار کلو سے زائد پیاز خریدی (فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی)
کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے کیے جانے لاک ڈاؤن کی وجہ سے انڈیا کے شہر ممبئی میں پھنسے ایک شخص نے الہ آباد میں اپنے گھر جانے کے لیے سبزی کا تاجر بن گیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق، ممبئی ایئرپورٹ پر کام کرنے والے پریم مورتی پانڈے نے الہ آباد کے مضافات میں اپنے گاؤن جانے کے لیے 25 ٹن پیاز ایک ٹرک میں بھرا اور گھر کی طرف چل نکلا۔
پریم مورتی نے لاک ڈاؤن کے ابتدائی دن تو ممبئی میں گزارے لیکن پھر انہیں لگا کہ یہ صورتحال زیادہ عرصے تک ایسی ہی رہے گی۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ، 'مں اندھیری ایسٹ کے علاقے آزاد نگر میں رہتا ہوں جو کہ ایک ایک گنجان آباد علاقہ ہے اور وہاں کورونا وائرس کے پھیلنے کا زیادہ خدشہ ہے۔'
چونکہ بسیں، ٹرینیں اور جہاز سب ہی لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند ہیں تو پریم مورتی کو خیال آیا کہ حکومت نے ایک راستہ کھلا چھوڑا ہے۔
واضح رہے کہ انڈیا میں حکومت نے پھل اور سبزی جیسی ضروری اشیا کی ترسیل کے لیے سڑکیں کھلی رکھی ہیں۔
پریم مورتی کے منصوبے میں صرف پیاز ہی نہیں بلکہ تربوز بھی شامل تھے۔

پریم مورتی نے پہلے پمپل گاؤں سے تربوز خرید کر انہیں ممبئی بھجوایا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اپریل 17 کو پریم مورتی نے پمپل گاؤں کے لیے ایک ٹرک منگوایا جہاں سے انہوں نے ۱۰ ہزار روپے کے تربوز خریدے اور انہیں ممبئی بھجوا دیا۔ ممبئی میں انہوں نے ایک خریدار سے ڈیل کر رکھی تھی۔
اس کے بعد انہوں نے پمپل گاؤں کی مارکیٹ میں اچھے داموں میں پیاز ڈھونڈی اور نو روپے فی کلو کے حساب سے 25 ہزار پانچ سو 20 کلو پیاز خرید کر 20 اپریل کو ایک دوسری ٹرک میں الہ آباد کے لیے روانہ ہوگئے۔

پریم مورتی کو اب تک اپنی پیاز کے لیے خریدار کی تلاش ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

23 اپریل کو الہ آباد پہنچ کر انہوں نے شہر کے مضافات میں قائم ایک ہول سیل مارکیٹ کا رُخ کیا لیکں وہاں انہیں پیاز کے لیے کوئی خریدار نہ ملا۔ 
وہ اپنے ٹرک کو لے کر اپنے گاوں کوٹوا مبارکپور پہنچے جہاں انہیں اب تک پیاز کے خریداروں کا انتظار ہے۔
ٹی پی نگر پولیس پوسٹ کے انچارج کا کہنا تھا کہ پریم مورتی الہ آباد کے علاقے دھوم گنج کی پولیس کے پاس جمعے کو آئے اور ان کا طبی معائنہ ہوا۔ فی الحال انہیں اپنے گھر میں قرنطینہ میں رہنے کا کہا گیا ہے۔
 

شیئر: