Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شام کے شمالی علاقے میں بم دھماکہ، 46 افراد ہلاک

ترک وزارت دفاع نے دھماکے کا الزام کرد تنظیم پر لگایا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
شام کے شمالی علاقے میں بم دھماکے سے 46 افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکہ تیل سے بھرے ٹرک کے ذریعے کیا گیا اور ایک مقامی مارکیٹ کو نشانہ بنایا گیا۔
اے ایف پی کے مطابق افرن شہر میں کیے گئے اس دھماکے میں ترک حمایت یافتہ جنگجو بھی مارے گئے ہیں۔
امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے دھماکے کو ’بزدلانہ اور شیطانی عمل‘ قرار دے کر مذمت کی ہے۔

 

اے ایف پی کے مطابق جس وقت دھماکہ ہوا لوگ مارکیٹ میں رمضان کی خریداری میں مصروف تھے۔
شام کے سول ڈیفنس ریسکیو ورکرز کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں جلتی ہوئی گاڑیاں، مارکیٹ اور امدادی کارکنوں کو مسخ شدہ لاشیں لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
برطانیہ میں موجود سیرین آبزرویٹری کے سربراہ رامی عبدالرحمان نے بتایا کہ کم از کم 46 افراد مارے گئے ہیں جبکہ 50 زخمی ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں چھ ترک حمایت یافتہ جنگجو شامل ہیں۔ سیرین آبزرویٹری نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے 11 بچوں کے مارے جانے کی اطلاع بھی دی ہے۔
ترک وزارت دفاع نے حملے کا الزام کرد تنظیم پر لگایا ہے۔
امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان مورگن اورٹاگس نے کہا ہے کہ درجنوں افراد کو جب کہ وہ خریداری میں مصروف تھے نشانہ بنانا بزدلانہ اور شیطانی فعل ہے جس اس تنازعے میں کسی بھی فریق کی جانب سے کیا جائے ناقابل قبول ہے۔

شیئر: