بالی وُڈ کی وہ چھ مہنگی ترین فلمیں جو 2026 میں ریلیز ہوں گی
’بارڈر ٹو‘ رواں ماہ کی 23 تاریخ کو ریلیز ہو گی (فوٹو: فلم پوسٹر)
سنہ 2026 بالی وڈ کے لیے ایک بڑا اور مہنگا سال ثابت ہونے جا رہا ہے جہاں 2025 میں فلم ’دھورندھر‘ نے باکس آفس پر دُھوم مچائی وہیں رواں برس کئی بڑی اور بھاری بجٹ کی فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں۔
شوبز ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق دلچسپ بات یہ ہے کہ بالی وُڈ میں رواں برس چھ فلمیں ایسی بھی ریلیز ہوں گی جو مجموعی طور دو ہزار 80 کروڑ انڈین روپے کے بجٹ سے تیار کی گئی ہیں۔
’رامائن‘
فہرست میں پہلے نمبر پر فلم ’رامائن‘ ہے جس میں رنبیر کپور ہندو مذہب کے بگوان رام کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس فلم کی ہدایت کاری نتیش تیواری کر رہے ہیں جو اس سے پہلے ’دنگل‘ جیسی سپرہٹ فلم بنا چکے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ ’رامائن‘ کے پہلے حصے پر ہی 900 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں جبکہ پوری سیریز کا بجٹ قریباً چار ہزار کروڑ انڈین روپے ہے۔ فلم ’رامائن‘ رواں برس دیوالی کے موقعے پر ریلیز کی جائے گی۔
شا رخ خان کی فلم ’کنگ‘
اس فہرست کے دوسرے نمبر پر بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ ہے جس کا بجٹ قریباً 300 کروڑ روپے ہے۔
اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں شاہ رخ خان پہلی بار اپنی بیٹی سوہانا خان کے ساتھ سکرین شیئر کریں گے۔ فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں۔
’دھورندھر ٹو‘
’دھورندھر ٹو‘ اس فرست کے تیسرے نمبر پر ہے جس میں رنویر سنگھ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ فلم روان برس مارچ کی 19 تاریخ کو ریلیز ہوگی اور اس کا بجٹ قریباً 250 کروڑ انڈین روپے بتایا جا رہا ہے۔
’بارڈر ٹو‘
فلم ’بارڈر ٹو‘ بھی اس فہرست میں شامل ہے جس میں سنی دیول، ورون دھون اور دلجیت دوسانجھ مختلف کردار نبھا رہے ہیں۔
یہ فلم رواں ماہ کی 23 تاریخ کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی اور اس پر قریباً 230 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔
پانچویں نمبر پر دو فلمیں
بڑے بجٹ کی فلموں کی فہرست کے پانچویں نمبر پر دو فلمیں ہیں۔
ایک طرف سلمان خان کی ’بیٹل آف گلوان‘ اور دوسری طرف رنبیر کپور، وکی کوشل اور عالیہ بھٹ کی فلم ’لو اینڈ وار‘ ہے۔ رپورٹ کے مطابق دونوں فلموں کا بجٹ 200 کروڑ انڈین روپے ہے۔
