Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپین میں کورونا سے ہلاکتوں کی یومیہ تعداد میں ریکارڈ کمی

امریکہ میں اس عالمی وبا سے ہلاکتوں کی تعداد اب تک کسی بھی ملک میں ہونے والی اموات سے سب سے زیادہ ہے (فوٹو:اے ایف پی)
سپین میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں تقریباً سات ہفتوں بعد پہلی بار ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے۔
سپین کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 164 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ یہ 18 مارچ کے بعد سے اب تک ایک دن میں رپورٹ ہونے والی ہلاکتوں کی سب سے کم تعداد ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار تک سپین میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 17 ہزار 466 ہو گئی ہے جبکہ اس وبا سے کل 25 ہزار 264 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ہلاکتوں میں کمی اور ملک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سپین کے شہری سات ہفتوں بعد پہلی بار کھیلنے اور سیر کرنے کے لیے گھروں سے باہر نکلے ہیں۔
کورونا وائرس سے اموات اور نئے کیسز میں واضح کمی کے بعد یورپ کے بیشتر ممالک لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں میں نرمی کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ یورپ میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک اٹلی کے بعد اب سپین میں بھی لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
تاہم حکام نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ گھروں سے نکلتے وقت احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ کورونا وائرس کی نئی لہر سے بچا جا سکے۔
اسی طرح جرمنی میں بھی پیر سے لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے جبکہ پولینڈ، ہنگری اور دیگر ممالک میں بھی لوگوں کو عوامی جگہوں پر جانے اور محدود کاروبار کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

امریکہ میں 66 ہزار ہلاکتیں

امریکہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے ایک ہزار 435 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ چین میں جہاں سے وائرس کی شروعات ہوئی صرف دو کیسز سامنے آئے ہیں۔

 جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں اس وبا سے ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 66 ہزار ہوگئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکہ کے شہر بالٹی مور میں قائم تحقیقاتی یونیورسٹی جونز ہوپکنز نے سنیچر کی رات تک ملک میں کورونا وائرس کے 1.1 ملین سے زائد کیسز اور چھیاسٹھ ہزار 224 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
امریکہ میں اس عالمی وبا سے ہلاکتوں کی تعداد اب تک کسی بھی ملک میں ہونے والی اموات سے سب سے زیادہ ہے۔
اتوار کو چین کے نیشنل ہیلتھ اتھارٹی کے ڈیٹا کے مطابق سنیچر کو کورونا وائرس کے نئے دو کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے ایک کیس مقامی سطح پر منتقلی کا ہے۔  
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نیشنل ہیلتھ کمیشن نے 2 مئی کو ایسے 12 کیسز کی تصدیق کی ہے جن میں بیماری کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔ 

چین میں نیشنل ہیلتھ اتھارٹی کے ڈیٹا کے مطابق سنیچر کو کورونا کے نئے دو کیسز سامنے آئے ہیں (فوٹو:اے ایف پی)

چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 82 ہزار 877 تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چین میں کورونا وائرس سے کوئی نئی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
چین میں ااس وائرس سے اموات کی تعداد 4 ہزار 633 پر برقرار ہے۔
اٹلی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد  دو لاکھ نو ہزار 328 تک پہنچ چکی ہے اور اب تک 28 ہزار 710 افراد اس مہلک وبا سے ہلاک ہوگئے ہیں۔
برطانیہ میں کووڈ 19 کے ایک لاکھ 83 ہزار 500 کنفرم کیسز ہیں جب کہ ہلاکتوں کی مجموعی تعاد 28 ہزار 131 تک پہنچ گئی ہے۔

شیئر: