Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: کرفیو کی سب سے زیادہ خلاف ورزیاں

کل خلاف ورزیوں میں سے 39 فیصد کا تعلق ریاض سے ہے.(فوٹو عاجل)
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلھوب نے کہا ہے کہ نئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور عوام کو اس سے بچانے کے لیے مقرر کرفیو کی سب سے زیادہ خلاف ورزیاں سعودی دارالحکومت ریاض میں ریکارڈ کی گئیں.
انہوں نے کہا کہ مملکت بھر میں کل خلاف ورزیوں میں سے 39 فیصد کا تعلق ریاض سے ہے.
عاجل ویب سائٹ کے مطابق الشلھوب نے پیر کو منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ اچھی بات یہ ہوئی رمضان کے دوران سعودی عرب کے تمام علاقوں میں کرفیو خلاف ورزی کا سلسلہ تدریجی طور پر کم ہوتا چلا گیا.
ریاض شہر اس سے مستثنی ہے جہاں دس رمضان سے کرفیو کی خلاف ورزیوں میں اضافہ شروع ہوا تھا جو بڑھتا چلاگیا. اب پورے ملک میں کرفیو کی جتنی خلاف ورزیاں ہوئی ہیں ان میں سے  39 فیصد کا تعلق ریاض شہر سے ہے.
وزارت داخلہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پولیس اور سیکیورٹی فورس کے دستوں نے سعودی عرب کے تمام شہروں، صوبوں اور کمشنریوں میں چھ سو سے زیادہ فیلڈ دورے کیے تاکہ رہائشی علاقوں اور گیسٹ ہاؤسز میں تقریبات اور اجتماعات کی پابندی کو یقینی بنایا جاسکے.

رمضان کے دوران کرفیو خلاف ورزی کا سلسلہ کم ہوتا چلا گیا.(فوٹو ایس پی اے)

ترجمان نے بتایا کہ اس مہم میں متعدد سرکاری اداروں کے نمائندے بھی پولیس و سیکیورٹی فورس کے دستوں کے ہمراہ رہے.
الشلھوب نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سےاپیل  کی کہ وہ حفاظتی اقدامات کی پابندی کریں کیونکہ کرفیو سب کی صحت و سلامتی کی خاطر ہی لگایا گیا ہے.

شیئر: