Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایسی دوا جو کورونا کے ’مکمل خاتمے میں مدد کر سکتی ہے‘

چین میں پانچ ویکسینز کے انسانوں پر تجربے جاری ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
چین کی پیکنگ یونیورسٹی کے سائنسدانوں کی ٹیم ایسی دوا کی تیاری پر تحقیق کر رہی ہے جو وبا کا مکمل خاتمہ کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس دوا کے ذریعے نہ صرف مریضوں کی صحت یابی قدرے جلد ممکن ہو سکے گی بلکہ کچھ عرصے کے لیے وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے قوت مدافعت بھی بڑھے گی۔
پیکنگ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سنی شی نے اے ایف پی کو بتایا کہ دوا کے ٹیسٹ کا تجربہ جانوروں پر کامیاب ہوا ہے جبکہ یہ تجربہ انسانوں پر کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
تجربے سے معلوم ہوا کہ متاثرہ چوہوں کو جب اینٹی بوڈیز کے انجیکشن لگائے گئے تو پانچ دنوں کے بعد ہی وائرس کے اثرات میں خاطر خواہ کمی ظاہر ہوئی۔
کورونا سے صحت یاب ہونے والے 60 مریضوں کے خون کے نمونے سے اینٹی باڈیز تیار کیے گئے تھے۔ انسان کا مدافعتی نظام ایسے اینٹی باڈیز بناتا ہے جو جسمانی اعضا کو وائرس سے متاثر ہونے سے بچاتے ہیں۔
تحقیقاتی ٹیم کے ڈائریکٹر سنی شی کا کہنا تھا کہ اینٹی باڈیز کی دریافت کے لیے دن رات تحقیق کی جا رہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ دوا استعمال کے لیے رواں سال میں ہی تیار ہو جائے گی اور سردیوں میں کورونا کے پھیلاؤ کے خدشے سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ 

اکثر ممالک میں شہریوں کے احتجاج پر لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی (فوٹو: اے ایف پی)

دنیا بھر میں اب تک 40 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ تین لاکھ 15 ہزار ہلاک ہو چکے ہیں۔
چین پہلے ہی پانچ مختلف ویکسینز کا انسانوں پر تجربہ کر رہا ہے۔
جبکہ عالمی ادارہ صحت خبردار کر چکا ہے کہ ویکسین کی تیاری میں 12 سے 18 مہینے لگ سکتے ہیں۔
اس سے قبل بھی سائنسدان پلازما تھراپی کے مؤثر ہونے کا عندیہ دے چکے ہیں۔ اس تھراپی کے تحت صحت یاب ہونے والے افراد کے خون سے اینٹی باڈیز تیار کیے جاتے ہیں۔
چین میں 700 مریضوں کا علاج اینٹی باڈیز کے ذریعے کیا گیا ہے جو کافی حد تک مؤثر ثابت ہوا ہے۔
ڈائریکٹر سنی شی کا کہنا تھا کہ فی الحال پلازما کی سپلائی محدود ہے، جلد از جلد زیادہ مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا یے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی دوا میں 14 اینٹی باڈیز کا استعمال ہوا ہے جو جلد زیادہ مقدار میں فراہم کیے جائیں گے۔

شیئر: