Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا بھر میں 3 لاکھ 24 ہزار ہلاکتیں، اٹلی کا ایئرپورٹس کھولنے کا اعلان

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
یورپ اور دیگر ممالک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد زندگی معمول پر آتی دکھائی دے رہی ہے۔
یورپی ممالک میں ہلاکتوں اور متاثرین کی تعداد میں کمی کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی گئی ہے۔
یونان جہاں کورونا سے تقریباً 170 ہلاکتیں ہوئی ہیں، نے سیاحتی مقامات کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یورپ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں اٹلی دوسرے نمبر پر ہے جہاں تمام ایئر پورٹس کو جون 3 سے کھول دیا جائے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اٹلی کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ اسی تاریخ پر اپنی سرحدوں کو یورپی یونین کے سیاحوں کے لیے کھول دیں گے اور غیر ملکی افراد کے لیے قرنطینہ کی شرط ختم کر دیں گے۔
برطانیہ کے بعد براعظم یورپ میں اٹلی اس وبا سے شدید متاثر ہوا ہے جہاں ہلاک افراد کی تعداد 32 ہزار 330 ہو گئی ہے جبکہ ملک میں دو لاکھ27 ہزار سے زائد متاثرہ افراد ہیں۔
دوسری جانب امریکی شہر فلوریڈا میں بدھ کو ڈزنی ورلڈ میں محدود مقامات تفریح کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔ فلوریڈا کا ڈزنی ورلڈ دنیا کے چند بڑے ڈزنیز میں سے ایک ہے۔ وبا کے خطرے کے پیش نظر صرف کھانے پینے اور شاپنگ کے مقامات کھولے گئے ہیں۔

اٹلی میں تمام ائیرپورٹس جون 3 سے کھولنے کا اعلان ہوا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

ڈزنی لینڈ میں سماجی فاصلے کے اصول پر عمل درآمد کے لیے جگہ جگہ بیریئرز لگائے گئے ہیں اور ڈزنی کا عملہ مسلسل جراثیم کش سپرے کرتا رہتا ہے۔
ڈزنی میں داخلے پر لوگوں کا درجہ حرارت چیک کیا جاتا ہے اور فیس ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ادھر انڈیا نے دو ماہ کی پابندی کے بعد ملکی پروازیں 25 مئی سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انڈیا کے وزیر برائے سول ایوی ایشن نے ٹویٹ کی کہ 'ملک کے تمام ایئر پورٹس کو فضائی آپریشن بحال کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،' تاہم بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے فی الحال کچھ نہیں کہا گیا۔
انڈین حکومت کا یہ فیصلہ ایسے موقعے پر سامنے آیا ہے جب ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے پانچ ہزار 611 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

یونان جہاں کورونا سے تقریباً 170 ہلاکتیں ہوئی ہیں، نے سیاحتی مقامات کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک تین لاکھ 24 ہزار 776 ہلاک ہو چکے ہیں۔ 
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق 'بدھ کو دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 49 لاھ 47 ہزار 900 سے تجاوز کر گئی۔'
امریکہ کورونا کی وبا سے متاثر ہونے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے جہاں اب تک وائرس سے 92 ہزار 387 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ملک میں وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 15 لاکھ 32 ہزار 974 تک پہنچ گئی ہے۔
امریکہ کے بعد برطانیہ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 35 ہزار 422 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ ملک میں مریضوں کی تعداد دو لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

انڈیا میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے پانچ ہزار 611 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

اسی طرح یورپ کے دیگر ممالک فرانس اور سپین بھی کورونا وائرس سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ فرانس میں اس وبا سے اب تک 28 ہزار سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ سپین میں اب تک 27 ہزار 888 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری جانب کورونا وائرس نے لاطینی امریکہ کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ گذشتہ دنوں لاطینی ممالک میں کورونا متاثرین میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے بعد مریضوں کی تعداد پانچ لاکھ 80 ہزار ہو گئی ہے۔
لاطینی امریکہ کا ملک برازیل کورونا سے شدید متاثر ہوا ہے۔ منگل کو ایک دن میں ایک ہزار 179 برازیلینز کورونا سے ہلاک ہوئے ہیں۔ ملک میں دو لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 18 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق 'بیلجیئم میں ٓٹھ ہزار 707، جرمنی میں آٹھ ہزار سے زائد، ہالینڈ میں پانچ ہزار 767، روس میں دو ہزار 972، ترکی میں چار ہزار سے زائد، سویڈن میں تین ہزار 381 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔'
کینیڈا میں چین ہزار سے زائد، چین جہاں سے کورونا وائرس کا آغاز ہوا میں ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار 638 ہو گئی ہے جبکہ ملک میں متاثرین کی تعداد 84 ہزار 63 تک پہنچ گئی ہے۔

شیئر: