Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈان میں پابندی کے باوجود نمازِ عید، مصر میں مسجد پر چھاپہ

وزارت صحت نے شہریوں کے اس رویہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے ( فوٹو: سبق)
سوڈان میں کرفیو اور اجتماعات پر پابندی کے باوجود سیکڑوں شہریوں نے مختلف عید گاہوں میں نماز ادا کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سوڈانی حکومت نے دار الحکومت خرطوم سمیت متعدد شہروں میں کرفیو لگا رکھا ہے جبکہ اجتماعات پر مکمل پابندی ہے۔
سوڈانی شہری خرطوم سمیت متعدد شہروں میں کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عید گاہ پہنچ گئے جہاں عید کی باجماعت نماز ادا کی گئی۔
وزارت صحت نے شہریوں کے اس رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کرفیو کی خلاف ورزی کے علاوہ احتیاطی تدابیر کی پابندی نہ کرنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔'

سوڈانی شہری کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عید گاہ پہنچ گئے جہاں عید کی باجماعت نماز ادا کی۔ ( فوٹو: سبق)

وزارت کہا ہے کہ ’کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث خرطوم میں خاص طور پر دو ہفتوں کے لیے کرفیو میں مزید توسیع کی گئی ہے۔'
’ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ لوگ احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کرتے نیز ہدایات کی پابندی نہیں کرتے۔'
واضح رہے کہ آج اتوار کو سوڈانی وزارت صحت نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد تین ہزار چھ سو 28 ہوگئی ہے جبکہ ایک سو 46 مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔'
دوسری طرف مصرکے شہر منصورہ کی نبروہ کمشنری کی ایک مسجد میں پولیس چھاپہ مارا ہے جہاں متعدد شہری پابندی کے باوجود نماز عید ادا کرنے پہنچے تھے۔
مصری ٹوئٹر صارفین نے چھاپے کے دوران امام سمیت نمازیوں کی مختصر ویڈیو جاری کی ہے جس میں گرفتاری سے بچنے کے لیے لوگوں کو بھاگتے ہوئے دکھایا ہے۔
صارفین نے کہا ہے کہ ’لوگوں کو پابندی توڑنے پر اکسانے والا امام جماعت کو چھوڑ کر سب سے پہلے بھاگنے والوں میں سے تھا۔'

شیئر: