Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے 13 ہزار مریض شفایاب

پہلے مریض کی تصدیق 2 مارچ کو ہوئی تھی (فوٹو، سوشل میڈیا)
عید الفطر کے پانچ دنوں میں سعودی عرب میں کورونا وائرس میں مبتلا ریکارڈ مریض صحتیاب ہوئے ۔ گزشتہ پانچ دنوں کے اندر شفایاب ہونے والوں کی تعداد 13 ہزار سے زائد رہی۔
مقامی ویب نیوز ’سبق‘ نے وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے حوالے سے مرتب کی جانے والی رپورٹ میں لکھا ہے کہ مملکت میں کورونا کے پہلے مریض کی تصدیق 2 مارچ 2020 کو ہوئی تھی اس کے بعد سے تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا تاہم مریضوں کی صحتیابی کی شرح میں ماہ رمضان میں تیزی آنا شروع ہو گئی۔

مجموعی مریضوں میں 419 کی حالت نازک ہے (فوٹو، سوشل میڈیا)

عید الفطر کے پانچ دنوں کے اندر کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والوں میں ایک دم سے اضافہ ہونا شروع ہوگیا۔ یومیہ بنیادوں پر جاری ہونے والے اعداد وشمار کے مطابق
عید الفطر کے پہلے دن مملکت کے مختلف شہروں میں زیر علاج افراد میں سے 2 ہزار 284 افراد شفایاب ہوئے جبکہ دوسرے دن صحتیاب ہونےوالوں کی تعداد 2 ہزار 148 رہی
تیسرے دن صحتیاب ہونےوالوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا جو 2 ہزار 782 تھی جبکہ چوتھے دن 2 ہزار 571 افراد نے کورونا وائرس کو شکست دی۔
عید الفطر کے پانچویں دن کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں یک دم اضافہ ہوا اور24 گھنٹے کے اندر 3 ہزار 531 افراد میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔
اعداد وشمار کے مطابق اس وقت سعودی عرب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 80 ہزار 185 ہے جبکہ مجموعی ہلاکتیں 441 تک ہو چکی ہیں ۔

مریضوں کی تعداد 80 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے (فوٹو، سوشل میڈیا)

وائرس سے مجموعی طور پر 54 ہزار 553 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 419 کی حالت نازک ہے جن کا علاج انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں جاری ہے۔

شیئر: