Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'انڈیا کے وقار پر آنچ نہیں آنے دیں گے'

راج ناتھ سنگھ وہ پہلے وزیر ہیں جنہوں نے اس معاملے پر انڈیا کی پوزیشن پر کھل کر بات کی ہے (فوٹو:روئٹرز)
انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے زور دیا ہے کہ حکومت انڈیا کسی صورت انڈیا کے وقار پر آنچ نہیں آنے دے گی۔
راج ناتھ سنگھ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انڈیا اور چین کی فوجوں کے درمیاں لداخ میں کشیدگی جاری ہے۔ 
انڈیا کے ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈین وزیر دفاع نے سنیچر کو ایک بیان میں بتایا کہ لداخ کے معاملے پر چین کے ساتھ عسکری اور سفارتی بات چیت جاری ہے۔ 
انڈیا اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو حل کرنے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش پر راج ناتھ سنگھ نے بتایا کہ انہوں نے جمعے کو امریکہ کے سیکرٹری دفاع مارک ایسپر کو ٹیلیفونک گفتگو میں یہ واضح کر دیا تھا کہ انڈیا اور چین کے درمیان 'مسائل' کے حل کے لیے سفارتی اور عسکری سطح پر میکینزم موجود ہے۔

ٹرمپ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کرانے کے لیے تیار ہیں (فوٹو:اے ایف پی)

ٹرمپ نے بدھ کو ایک بیان میںکہا تھا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کرانے کے لیے تیار ہیں۔  
وزارت خارجہ نے دو روز قبل اس پیشکش کو غیر واضح طور پر مسترد کردیا تھا تاہم سنگھ وہ پہلے وزیر ہیں جنہوں نے اس معاملے پر انڈیا کی پوزیشن پر کھل کر بات کی ہے۔
انہوں نے انڈیا کے ٹی وی چینل آج تک کو بتایا کہ 'میں نے گذشتہ روز امریکہ کے سیکرٹری دفاع سے بات کی ہے۔ میں نے انہیں بتایا ہے کہ ہم نے ایسا میکینیزم تیار کیا ہے جس کے تحت انڈیا اور چین کے درمیان کسی بھی مسئلے کو عسکری اور سفارتی مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے گا۔'  

چینی فوجیوں کی بڑی تعداد نے لداخ کے تین مقامات پر انڈیا کے زیر کنٹرول علاقے میں داخل ہو کر پوسٹیں قائم کرلی تھیں (فوٹو:اے ایف پی)

وزیر دفاع نے کہا کہ 'میں یہ یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں کہ ہم انڈیا کے وقار کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔ انڈیا اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کی واضح پالیسی اپنائے ہوئے ہے اور یہ کوئی نئی بات نہیں۔ ہم کافی عرصے سے اس پر عمل کر رہے ہیں۔'
سنگھ نے 2017 کے دوکلام تنازعے پر بات کرتے ہوئے اسے 'بہت کشیدہ' قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 'لیکن ہم پیچھے نہیں ہٹے۔ اور آخر کار ہم نے صورتحال پر قابو پا لیا۔'

شیئر: