Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک دن میں کورونا کے دو ہزار 964 نئے کیسز

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 60 ہلاکتیں ہوئی ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان میں کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 60 ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد ملک میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 543 ہوگئی ہے۔
پیر کی صبح جاری کیے گئے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے دو ہزار 964 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
نئے کیسز کے ساتھ ملک میں اب تک سامنے آنے والے مریضوں کی تعداد 72 ہزار 365 ہوگئی ہے۔
 
پاکستان میں اس وبا کا شکار ہو کر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 26 ہزار 83 تک پہنچ گئی ہے۔ ملک میں کورونا سے اب تک صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں 28 ہزار 245 افراد میں اس مرض کی تصدیق ہوئی ہے۔
ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں مریضوں کی تعداد 26 ہزار 240 ہو گئی ہے جب کہ خیبر پختونخوا میں مریضوں کی تعداد 10 ہزار 27 ہے۔
بلوچستان میں کورونا کیسز کی تعداد چار ہزار 393، اسلام آباد میں دو ہزار 589، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 255 جب کہ گلگت بلتستان میں مریضوں کی تعداد 711 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب کورونا سے صحت یاب مریضوں کے حوالے سے سندھ  سر فہرست ہے جہاں ایسے افراد کی تعداد 13 ہزار 810 ہے جب کہ پنجاب میں  سات ہزار  دو مریض اس بیماری سے شفا یاب ہو چکے ہیں۔
بلوچستان میں ایک ہزار 507، خیبر پختونخوا میں دو ہزار 912، گلگت بلتستان میں 496، اسلام آباد میں 169، اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 168 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس فروری کے اواخر میں سامنے آیا تھا (فوٹو: ٹوئٹر)

کورونا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں 497 پنجاب میں ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 481، کے پی میں 473، بلوچستان میں47، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں چھ ، گلگت بلتستان میں 11 اور اسلام آباد میں 28 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا وائرس کے ایک دن میں زیادہ کسیز کا نیا ریکارڈ تین ہزار سے زائد ٹیسٹ مثبت آنے کے ساتھ اتوار کو قائم ہوا تھا۔ جبکہ اتوار کو ہی ایک ہی دن میں سب سے زیادہ 88 ہلاکتیں ریکارڈ ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس فروری کے اواخر میں سامنے آیا تھا۔

شیئر: