Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فواد چودھری کا نواز شریف کے ٹیسٹوں کی تحقیقات کا مطالبہ

خط میں فواد چودھری نے نواز شریف کی حالیہ تصویر کا حوالہ دیا ہے۔ (فوٹو: فیس بک)
وفاقی وزیر سائینس اینٰڈ ٹیکنالوجی  فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے نواز شریف کے پاکستان میں ہونے والے ٹیسٹوں کے بارے تحقیقات کا مطالبہ کیا یے۔ 
وفاقی وزیر نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے چند دن پہلے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصویر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ' نواز شریف کی برطانیہ میں تصاویر بتا رہی ہیں وہ صحت مند ہیں اور اس سلسلے میں نواز شریف کی پاکستان میں ہونے والی رپورٹس کے بارے میں تحقیقات کی ضرورت ہے۔'
وفاقی وزیر کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف برطانیہ میں اپنی ٹیسٹ رپورٹس بھی حکومت کے ساتھ شئیر نہیں کررہے، اس سے تاثر پیدا ہوتا ہے کہ برطانوی لیبارٹریز نے ان کی بیماری کی تصدیق نہیں کی۔ 
خط میں مزید کہا گیا یے کہ 'خدشہ ہے پاکستان میں عدالتوں سے ریلیف لینے کے لیے جعلی  ٹیسٹ رپورٹس تیار کی گئیں، لگتا ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ رپورٹس میں حقائق مسخ کر کے ان کے بیرون ملک جانے کی راہ ہموار کی گئی۔'
وفاقی وزیر نے وزیر اعظم سے ٹیسٹوں کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھا یے کہ ' اس بات کا تعین ہونا چاہیے کہ پاکستان میں کس نے ٹیسٹ رپورٹس میں حقائق کو مسخ کیا، حقائق کو منظرعام پر لانے کے لیے وزیراعظم تحقیقات کا حکم دیں اور ایک  انکوائری کمیٹی بنائی جائے۔ اور تحقیقات کی جائیں کہ کس نے نوازشریف کی فرار ہونے میں مدد کی۔'

شیئر: