Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صارفین کا آرڈر پہنچانے میں تاخیر پر 7 تجارتی اداروں کے خلاف کارروائی

’تاخیر پر صارف کو آرڈر کینسل کرنے اور رقم واپس لینے کا حق حاصل ہے‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت تجارت نے صارفین کا آرڈر تاخیر سے پہنچانے پر 7 بڑے تجارتی اداروں کے خلاف کارروائی کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ترجمان وزارت تجارت عبد الرحمن الحسین نے کہا ہے کہ ’الیکٹرانک تجارت اور ای شاپس کے ضابطوں کے مطابق صارف کو طے شدہ وقت پر آرڈر پہنچانا لازمی ہے۔ 15 دن سے زیادہ تاخیر پر صارف کو آرڈر کینسل کرنے اور رقم واپس لینے کا حق حاصل ہے۔‘
انہوں نے بتایا ہے کہ ’ملک کے 7 بڑے اداروں نے ان ضابطوں کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک طرف آرڈر پہنچانے میں 15 دن سے زیادہ تاخیر کی ہے اور دوسری طرف آن لائن شاپ میں آرڈر کینسل کرنے کا آپشن نہیں۔‘
’آن لائن تجارت کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے اور سزائیں مقرر کرنے کے لیے وزارت تجارت نے الگ کمیٹی قائم کر رکھی ہے جس نے مذکورہ اداروں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی گئی ہے۔‘
انہوں نے بتایا ہے کہ ’آن لا ئن تجارت اور ای شاپس کی طرف سے کی جانے والی خلاف ورزیوں میں سزائیں متعدد ہیں، سنگین خلاف ورزی پر 10 لاکھ ریال تک جرمانہ اور ویب سائٹ وقتی طور پر یا کلی طور پر معطل کی جاسکتی ہے۔‘
’وزارت تجارت اس بات پر بھی غور کر رہی ہے کہ الیکٹرانک خلاف ورزی پر ایک سزا کا اضافہ کیا جائے جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والے ادارے کی اخبارات میں تشہیر کی جاسکے۔‘

’اس بات پر غور ہو رہا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے تجارتی اداروں کی اخبارات میں تشہیر کی جائے‘ ( فوٹو: مکہ نیوز ویب سائٹ)

واضح رہے کہ وزارت تجارت نے رمضان المبارک کے دوران متعدد تجارتی اداروں کو صارفین کے آرڈر تاخیر سے پہنچانے پر توجہ دلائی تھی۔
تجارتی اداروں کو ہدایت کی گئی تھی کہ اپنی گنجائش کے مطابق آرڈر لیے جائیں، ٹیکنیکل مسائل حل کیے جائیں اور ہوم ڈیلیوری نظام کو فعال کیا جائے۔

شیئر: