Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ: چینی ایئر لائن کی پروازوں پر پابندی

حالیہ دنوں میں امریکہ اور چین کے تعلقات میں تناؤ آیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
چین کی جانب سے امریکی ایئر لائنز کو چین کے لیے پروازیں شروع کرنے کی اجازت نہ دینے پر امریکہ نے چینی ایئرلائنز کی امریکہ کے لیے اور امریکہ سے  پروازیں معطل کر دیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے امریکی ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکی مسافر طیاروں کی چین کے لیے یکم جون سے پروازوں کی بحالی کی اجازت مانگی گئی تھی تاہم چینی حکومت نے اس کی اجازت نہیں دی۔ امریکہ نے چین کے اس عمل کو دونوں ممالک کے درمیان فضائی نقل و حمل کے معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے پروازیں معطل کرنے پر عملدرآمد 16 جون سے ہوگا، تاہم اگر امریکی صدر چاہیں تو اس پر عمل پہلے بھی ہو سکتا ہے۔
امریکہ نے چین کے لیے پروازیں کورونا کی وبا کے دوران یا توکم  یا معطل کی تھی تاہم امریکی ایئر لائنز یونائیٹڈ اور ڈیلٹا نے مئی کے آغاز میں پروازیں بحال کرنے کی درخواست چین کو دی تھی۔
بیان کے مطابق چین نے پروازوں کی بحالی کی اجازت نہیں دی۔

کورونا وائرس کے عالمی اعدادوشمار

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 64 لاکھ 25 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ 82 ہزار 93 ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کے سب سے زیادہ متاثرین امریکہ میں ہیں۔ امریکہ میں کورونا کیسز تعداد 18 لاکھ 39 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ چھ ہزار سے زیادہ ہے۔
امریکہ کے بعد برازیل اور روس سب سے زیادہ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جہاں بالترتیب کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد پانچ لاکھ 55 ہزار اور چار لاکھ 31 ہزار سے زیادہ ہے۔
برطانیہ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد دو لاکھ 81 ہزار، سپین دو لاکھ 40 ہزار، اٹلی دو لاکھ 33 ہزار اور انڈیا میں بھی دو لاکھ 16ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

کورونا وائرس کے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد امریکہ میں ہے (اے ایف پی)

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ انڈیا متاثر ہوا ہے۔
فرانس میں ایک لاکھ 88 ہزار، جرمنی میں ایک لاکھ 84 ہزار، پیرو میں ایک لاکھ 70 ہزار، ترکی میں ایک لاکھ 65 ہزار، ایران میں ایک لاکھ 60 ہزار جب کہ چلی میں ایک لاکھ آٹھ ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
کینیڈا میں 94 ہزار، سعودی عرب 91 ہزار، چین میں 84 ہزار اور پاکستان میں 80 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں۔  

ہائیڈروکلوروکوئین کی کلینیکل ٹرائل کا دوبارہ آغاز

عالمی ادارہ صحت نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ ہائیڈروکلوروکوئین کی کلینیکل ٹرائل دوبارہ شروع کی جائے گی۔ 

ہائیڈڈروکلوروکوئین کورونا وائرس کے مریضوں کو دیا گیا ہے (اے ایف پی)

ڈبلیو ایچ او نے مئی 25 کو اعلان کیا تھا کہ انہوں نے ٹرائل کو  حفاظتی  جائزے کے لیے عارضی طور پر معطل کردیا تھا تاہم اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹرائلز کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔

شیئر: