Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کا علاج: کلوروکوئین غیر موثر دوا ثابت

صدر ٹرمپ کے مطابق کلوروکوئین کورونا کے خلاف مفید دوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ کلینیکل ٹرائلز کے بعد اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہائیڈروآکسی کلوروکوئین دوا کووڈ 19 کے مرض کو روکنے کے لیے زیادہ مددگار ثابت نہیں ہوئی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ نے یہ کہا تھا کہ انہوں نے ہائیڈروآکسی کلوروکوئین دوا استعمال کی تھی۔
 تاہم امریکہ اور کینیڈا میں 821 افراد پر کیے گئے تجربے کے بعد یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اس دوا نے نمایاں طور پر پلیسبو سے بہتر کام نہیں کیا۔

 

تحقیق امریکہ کی یونیورسٹی آف منیسوٹا کی ایک ٹیم نے کی ہے اور ان کا پیپر نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع ہوا ہے۔
محققین نے تجربات کے لیے ان بالغ افراد کو منتخب کیا جو کسی بھی کورونا وائرس سے متاثرہ شخص سے دس منٹ سے زیادہ اور 6 فٹ یا اس سے کم فاصلے سے رابطے میں رہے ہوں۔
ان میں سے اکثریت یعنی 719 افراد زیادہ خطرناک صورت حال میں تھے کیونکہ انہوں نے فیس ماسک پہن رکھا تھا نہ ہی آئی شیلڈ، تاہم دیگر افراد نسبتاً کم خطرے میں تھے کیونکہ انہوں نے اپنا منہ ڈھانپ رکھا تھا اگرچہ کہ چشمہ نہیں لگایا تھا۔
ان تمام افراد سے چار روز کے اندر ہائیڈروآکسی کلوروکوئین دوا یا پلیسبو استعمال کرنے کو کہا گیا جو کہ ملیریا اور جوڑوں کے درد کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

 امریکہ اور کینیڈا میں 821 افراد پر کلوروکوئین کے استعمال کا تجربہ کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)

لیبارٹری ٹیسٹ کے نتائج سے پتا چلا کہ ہائیڈروآکسی کلوروکوئین کھانے والے 414 افراد سے میں 49 کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے جبکہ پلیسبو استعمال کرنے والے 407 میں سے 58 افراد میں یہ علامات دیکھی گئیں۔
اس طرح ہائیڈروآکسی کلوروکوئین کھانے والے 11 اعشاریہ 83 فیصد افراد جبکہ 14 اعشاریہ 25 فیصد افراد پلیسبو استعمال کرنے والے متاثرہ نکلے۔ اس طرح یہ نتیجہ اگرچہ ہائیڈروآکسی کلوروکوئین کے حق میں 2 اعشاریہ 4 فیصد زیادہ بہتر رہا تاہم یہ اعداد و شمار اتنے زیادہ حوصلہ افزا نہیں ہیں۔
اسی طرح ہائیڈروآکسی کلوروکوئین استعمال کرنے والے 40 اعشاریہ ایک فیصد افراد جبکہ پلیسبو استعمال کرنے والے 16 اعشاریہ 8 فیصد افراد میں سائیڈ افیکٹس دیکھے گئے تاہم یہ کوئی تشویش ناک نہیں تھے۔

امریکہ میں کورونا سے ایک لاکھ 7 ہزار 175 ہلاکتیں ہو چکی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

محققین کے مطابق ان نتائج سے یہ بات اخذ کی جا سکتی ہے کہ ہائیڈروآکسی کلوروکوئین کورونا وائرس کے علاج کے لیے زیادہ مفید دوا ثابت نہیں ہوتی۔
دوسری جانب کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اموات کا سلسلہ جاری ہے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 64 لاکھ 30 ہزار 700 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ 3 لاکھ 85 ہزار 947 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک امریکہ میں 18 لاکھ 51 ہزار 530 مریض موجود ہیں جبکہ ملک میں ایک لاکھ 7 ہزار 175 ہلاکتیں رکارڈ ہو چکی ہیں۔

برازیل میں 5 لاکھ 84 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 33 ہزار 601 ہو گئی ہے جبکہ لاطینی امریکہ کے ملک برازیل میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
برازیل میں 5 لاکھ 84 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 32 ہزار 500 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
فرانس میں 29 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ سپین میں 27 ہزار سے زائد افراد کی جانیں چلی گئی ہیں۔
انڈیا میں بھی کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جہاں مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 16 ہزار 824 ہو گئی ہے۔  

شیئر: