Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیصل سبزواری اہل خانہ سمیت کورونا کا شکار

پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 82 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
انہوں نے ٹوئٹر پر اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گذشتہ دنوں ان کے والدین، زوجہ اور دو بیٹیوں میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے ایک دن میں زیادہ کیسز کا نیا ریکارڈ جمعرات کو چار ہزار 688 سے زائد ٹیسٹ مثبت آنے کے ساتھ قائم ہوا ہے جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 82 اموات بھی ہوئی ہیں۔
جمعرات کی صبح جاری کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 770 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کورونا کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 30 ہزار 128 ہو گئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گِل نے جمعرات کو ٹویٹ کی ہے کہ لاک ڈاؤن کے قواعد و ضوابط پر عمل نہ کرنے والی مارکیٹیں آج سے بند کر دی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
'ہم سب کو ہر صورت ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔'

صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثر

کورونا سے صوبہ سندھ اب تک سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں مریضون کی تعداد 32 ہزار910  ہوگئی ہے جب کہ پنجاب میں اب تک 31 ہزار 104 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
صوبہ بلوچستان میں کورونا کی مریضوں کی تعداد پانچ ہزار 224، خیبر پختونخوا میں گیارہ ہزار 373، اسلام آباد میں تین ہزار 544، گلگت بلتستان میں 824 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دو سو 85 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
آبادی کے لحاظ سے  پاکستان کا سے بڑا صوبہ پنجاب کورونا سے اموات میں سب سے آگے ہے جہاں اب تک کورونا سے 607 اموات ہو چکی ہیں جب کہ سندھ میں 555  اور خیبر پختونخوا میں 500 افراد اس مرض کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق بلوچستان میں عالمی وبا سے اب تک 51 اور اسلام آباد میں 38 مریض موت کا شکار ہوئے۔ گلگت بلتستان میں 12 اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہلاکتوں کی تعداد سات ہے۔
کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد صحت یاب ہونے والوں کے حوالے سے سندھ سب سے آگے ہے جہاں اب تک 16 ہزار 22 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

 سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 27 ہزار 360 ہوگئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

پنجاب میں ایسے افراد کی تعداد سات ہزار 712، خیبر پختونخوا میں تین ہزار 150، اسلام آباد میں 518، گلگت بلتستان میں 532 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 173 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
پاکستان میں اس وقت سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں 27 ہزار 360 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی.
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس فروری کے اواخر میں سامنے آیا تھا۔

شیئر: