Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت میں مساجد کھولنے کا اعلان، پروازیں بحال ہوں گی

آئندہ بدھ سے مساجد میں نمازیں جماعت سے ادا کی جائیں گی۔(فوٹو سوشل میڈیا)
کویت میں  بدھ سے تین ماہ کی بندش کےبعد مساجد کھولنے اور کمرشل پروازیں بتدریج بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کویتی خبررساں ادارے کونا کے مطابق  وزیر انصاف و اوقاف و اسلامی امور ڈاکٹر فہد العفاسی نے کہا کہ’ آئندہ بدھ کو مساجد میں نمازیں جماعت سے ادا کی جائیں گی۔ ظہر کی نماز کویت کے اہم علاقوں میں مساجد میں جماعت سے پڑھی جائے گی البتہ جمعے کی نماز صرف بڑی جامع مساجد میں ہوگی اور کویت کے سرکاری ٹی وی سے براہ راست نشر کی جائے  گی‘۔
ڈاکٹر فہد العفاسی نے یہ اعلان اتوار کو سیکریٹری اوقاف و اسلامی امور فرید عمادی سمیت وزارت کے کئی اعلی عہدیداروں کی موجودگی میں ملک کے چھ صوبوں کی مساجد کے عہدیدااروں سے ملاقات کے دوران کیا ہے۔
اس موقع پھر ملک کی تمام مساجد جماعت سے نماز کے لیے بحال کرنے کا طریقہ  کار بھی زیر بحث آیا اور اس حوالے سے انتظامات پر بھی غوروخوض کیا گیا-
کویتی وزیر نے مزید کہا کہ مساجد کھولنے کا فیصلہ تین ماہ کی پابندی کے بعد کیا گیاہے۔ وزارت نے منتخب مقامات پر مساجد کی سینیٹائزنگ اور مساجد کھولنے کے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
انہوں نے تمام نمازیوں کو تاکید کی کہ وہ اپنی صحت و سلامتی کی خاطر صحت اداروں کی ہدایات کی پابندی کریں۔

 پہلے مرحلے میں 30 فیصد اور تیسرے مرحلے میں تمام کمرشل پروازیں بحال ہوں گی (فوٹو ایے ایف پی)

سبق ویب سائٹ کے مطابق وزیر مملکت برائے  امور خدمات مبارک الحریص نے بتایا کہ محکمہ شہری ہوابازی نے کمرشل پروازوں کے لیے کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کھولنے کا پروگرام تیار کرلیا۔
انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ تین مراحل میں کھولا جائے گا جہاں سے کمرشل پروازیں بیرون کویت جائیں گی اورمختلف ممالک سے کویت بھی آئیں گی۔
 پہلے مرحلے میں 30 فیصد، دوسرے مرحلے میں  60 فیصد اور تیسرے مرحلے میں تمام کمرشل پروازیں بحال کردی جائیں گی۔

شیئر: