Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یونس خان پاکستان ٹیم کے نئے بیٹنگ کوچ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان اور منجھے ہوئے بیٹسمین یونس خان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا ہے۔
منگل کو جاری کیے گئے بیان میں کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ سابق سپنر مشتاق احمد کو بھی ٹیم کا سپن بولنگ کوچ اور تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے مینٹور مقرر کیا گیا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز اگست اور ستمبر میں کھیلی جائے گی۔ کرکٹ بورڈ کے مطابق اس کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ویسم خان نے کہا ہے کہ خوشی ہے کہ یونس خان جیسے قد آور اور شاندار بیٹنگ ریکارڈ کے حامل کرکٹر نے اس اہم دورے کے لیے پاکستان کرکٹ کے ساتھ کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔

 

انہوں نے کہا کہ مشتاق احمد کئی کھلاڑیوں کے لیے مینٹور کی حیثیت رکھتے ہیں اور وہ انگلش کنڈیشنز سے بخوبی واقف بھی ہیں جس کی وجہ سے ہمارے لیے اثاثہ ثابت ہوں گے۔
وسیم خان نے بتایا کہ مشتاق احمد سپن باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس کے ہمراہ انگلینڈ روانہ ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ فیصلہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس کو ضروری اور اہم وسائل کی فراہمی کے لیے کیا گیا ہے جو انہیں ٹیم کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں مدد کرے گا۔
پی سی بی کے جاری کردہ بیان کے مطابق یونس خان نے کہا کہ ان کے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے اور انگلینڈ کے ایک مشکل دورے کے لیے ایک بار پھر ملک کی نمائندگی کا موقع ملنا ان کے لیے اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو بلندیوں کو چھونے کی اہلیت رکھتی ہے۔
یونس خان نے کہا کہ مصباح الحق، وقار یونس، مشتاق احمد اور وہ مل کر کھلاڑیوں کی میدان کے اندر اور باہر ہر انداز میں بہترین تربیت کرنے کی کوشش کریں گے۔

شیئر: