Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

90 ہزار پاکستانی وطن واپسی کے منتظر ہیں: وزیر خارجہ

بیرون ملک پاکستانیوں کی جلد واپسی کے حوالے سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ہے جس کی صدارت قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کی ہے۔
بدھ کو ہونے والے اس اجلاس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی ذوالفقار علی بخاری نے شرکت کی۔
وزیر خارجہ نے اجلاس کے شرکا کو وزارت خارجہ اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کی کارکردگی اور اب تک وطن واپس لائے گئے شہریوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا ہے کہ اب تک 60 ممالک سے 62 ہزار پاکستانیوں کو وطن واپس لا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 26 ممالک میں موجود تبلیغی جماعت سے وابستہ 2054 پاکستانیوں میں سے 2018 کو واپس لایا جا چکا ہے۔
وزیر خارجہ کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کے عمل کو انتہائی منظم اور مربوط انداز میں سرانجام دیا جا رہا ہے۔  
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اب تک کورونا وائرس کے باعث مرنے والے 479 شہریوں کی میتوں کو واپس لایا جا چکا ہے جبکہ خلیجی ممالک میں مرنے والے 40 افراد کی تدفین کے سلسلے میں بھی پاکستانی سفارتخانوں نے اپنا کردار ادا کیا اور ہر ممکن سہولت مہیا کی۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے سفارت خانوں نے اپنے محدود وسائل کے باوجود 15 کروڑ روپے اپنے پاکستانی بھائیوں کی خوراک، ادویات، معاشی معاونت اور فری ٹکٹس کی فراہمی میں خرچ کر چکے ہیں۔‘
مخدوم شاہ محمود قریشی کے مطابق اب بھی 90 ہزار پاکستانی بیرون ممالک میں وطن واپسی کے منتظر ہیں جن کو جلد از جلد واپس لایا جائے گا۔

خلیجی ملکوں میں کورونا سے مرنے والے 40 پاکستانیوں کی وہیں پر تدفین کی گئی (فوٹو: قومی اسمبلی سیکرٹریٹ)

’ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ بیرون ملک سے واپسی کے منتظر پاکستانیوں کو جلد وطن واپس لانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔‘
وزیر خارجہ نے اجلاس کو امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب اور یو اے ای میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ہونیوالے روابط کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اجلاس کے بعد جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ن سمیت اپوزیشن کے نمائندگان نے ہم وطنوں کی جلد وطن واپسی کے لیے وزارت خارجہ، وزارت سمندر پار پاکستانی اور پاکستانی سفارتخانوں کی بہترین کارکردگی کو سراہا۔

شیئر: