Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکی کارکنوں کے لیے کورونا آگہی مہم

متعدد سرکاری ادارے آگاہی مہم میں حصہ لے رہے ہیں (فوٹو، سوشل میڈیا)
 سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے غیرملکی کارکنوں میں بڑے پیمانے پر فیلڈ آگہی مہم کا آغاز کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق متعدد سرکاری ادارے  مہم میں تعاون کررہے ہیں۔ صحت، داخلہ، اطلاعات و نشریات، خارجہ، نقل و حمل، بلدیات و دیہی امور اور تجارت کی وزارتیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ کئی ادارے  آگہی مہم کی سرپرستی بھی کررہے ہیں۔
غیرملکی ورکرز کو نئے کورونا وائرس کے  خطرات سے آگاہ کیا جارہا ہے۔ رہائشی مراکز، کیمپس اور دفاتر میں وائرس سے بچاؤ کے طور طریقے بتائے جارہے ہیں۔

غیر ملکی کارکنوں کے کیمپوں میں کورونا سے بچاو کے طریقوں سے آگاہ کیاجاتاہے(فوٹو، سبق)

سوشل میڈیا کے  ذریعے آگہی پیغامات بھیجے جارہے ہیں۔ غیرملکی ورکرز سے ملاقاتیں کرکے انہیں وائرس سے بچنے اور اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے تدابیر بتائی جارہی ہیں۔
آگہی مہم کا مقصد یہ ہے کہ غیرملکی ورکرز اپنے دفاتر، ورکشاپس اور کارخانوں میں نئے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ضروری معلومات سے آراستہ ہوں۔
وزارت افرادی قوت کا کہناہے کہ فیلڈ آگہی مہم 3 مرحلوں میں نافذ کرنے کا پروگرام ہے۔ اس سلسلے میں نہ صرف یہ کہ غیرملکی ورکرز کو وائرس سے بچاؤ اور اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے تدابیر بتائی جارہی ہیں۔
اداروں کے مالکان اور منتظمین کو بھی اس میں شامل کیا  جارہا ہے۔ آجروں کو ترغیب دی جارہی ہے کہ وہ اپنے ورکرز سے حفاظتی تدابیر کی پابندی کرائیں۔
ان سے یہ بھی کہا جارہاہے کہ ان کے یہاں کوئی ورکر کورونا میں مبتلا ہوجائے تو پہلی فرصت میں وزارت صحت سے رجوع کیا جائے۔

وزارت افرادی قوت کی فیلڈ آگاہی مہم 3 مرحلوں میں نافذ کی جائے گی(فوٹو، سوشل میڈیا)

وزارت افرادی قوت نے توجہ دلائی ہے کہ اس حوالے سے رضاکاروں کی خدمات سے بھی فائدہ اٹھایا جائے گا۔
ٹارگٹ یہ ہےکہ کم از کم  60 فیصد ورکرز تک براہ راست رسائی حاصل کرکے انہیں کورونا وائرس سے بچاؤ کا طریقہ کار سمجھا دیا جائے۔
 

شیئر: