Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرمی چیف کا شہباز شریف کو فون، صحت یابی کی دعا

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور بلاول بھٹو نے بھی اپوزیشن لیڈر کی خیریت دریافت کی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ٹیلی فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی ہے۔
مسلم لیگ ن کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فون پر شہباز شریف کی مزاج پرسی کی اور کورونا پازیٹو ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔
مسلم لیگ کی جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے شہباز شریف کی صحت یابی کی دعا کی اور علاج معالجے میں معاونت کا بھی پوچھا جبکہ شہباز شریف نے خیریت دریافت کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی قائد حزب اختلاف کی مزاج پرسی کے لیے فون کیے۔
دونوں رہنماؤں نے شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
واضح رہے کہ جمعرات کی صبح اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی تھی جس کے بعد وہ لاہور میں واقع اپنے گھر میں قرنطینہ ہو گئے۔
پاکستان میں وفاقی وزیر شیخ رشید، سابق وزیراعظم شاہد خاقان اور مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال سمیت کئی اہم شخصیات اور ارکان پارلیمان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

شیئر: