Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گل ودھ گئی اے، مختارے نُوں وی کورونا‘

وزیراعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے دوست اور سیکرٹری ’مختارے‘ کو کورونا ہونے کی تصدیق کی ہے۔
یو ٹیوب اور ٹوئٹر پر پوسٹ کی گئی ویڈیو پیغام میں ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ انہوں نے تین ماہ پہلے اپنے دوست مختارے کو سمجھایا تھا کہ وہ کورونا سے بچنے کے لیے احتیاط کریں، لیکن ’اس مرجانڑی دے نے رمضان اور عید کے دوران لا پرواہی کی تو کورونا کو شکار ہو گئے۔
یاد رہے کہ یہ وہی ’مختارا‘ ہے جن کے ساتھ ندیم افضل چن کی آڈیو گفتگو اپریل میں لیک ہوئی تھی۔ اس ویڈیو کال میں ندیم افضل چن ’مختارے‘ سے مخاطب ہو کر انہیں پنجابی میں کورونا کی صورت حال سے آگاہ کر رہے ہیں اور گھر بیٹھنے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کا کی تقلیقن رہے ہیں۔ 
 حالیہ ویڈیو پیغام میں ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ ہن واقعی گل ودھ گئی اے، مختارے کو بھی کورونا ہو گیا ہے اور اب وہ اپنے گھر پر آئسولیشن میں ہے۔
ندیم افضل نے تین ماہ قبل مختارے کو سمجھایا تھا کہ گل ہن بہت ودھ گئی اے، گھر بیٹھ۔
ویڈیو بیان میں ندیم افضل چن کا مزید کہنا تھا کہ اتنا کچھ ہونے کے باوجود لوگوں کو کورونا کی حقیقت سمجھ نہیں آرہی، اور آج بھی ان کے علاقے میں فاتحہ خوانی اور قل خوانی کی غرض سے سو، دو سو افراد جمع ہوتے رہتے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ ایسے موقع پر پولیس بھی کارروائی نہیں کر سکتی ورنہ پولیس پر تنقید کی جائے گی، لوگوں کو سوچنا چاہیے کہ وہ کتنی ذمہ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں؟ عید پر لاک ڈاؤن ختم ہونے اور مارکیٹیں کھلنے کے دوران کیا حالت تھی؟
ندیم افضل چن نے کہا کہ گاؤں میں فصل بونا اور کاٹنا مجبوری ہے لیکن اکٹھ کرنے سے تو گریز کیا جا سکتا ہے۔
آخر میں ندیم افضل چن نے مختارے کا ویڈیو پیغام بھی شیئر کیا جس میں مختارے کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت احتیاط کی لیکن اس کے باوجود وہ کورونا کا شکار ہوگئے۔
مختارے نے لوگوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی اور ندیم افضل چن کی باتوں کو سنجیدگی سے لینے کا کہا۔ مختارے نے پیغام دیا کہ خود بھی بچو، اپنے بچوں کو بھی بچاؤ اور ماسک پہنے بغیر باہر نہ نکلو۔

شیئر: