Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 خلاف ورزی پر جدہ میں دوسری بار ہائیپر مارکیٹ سیل

کورونا سے بچاو کےلیے ایس او پیز پر عمل کرنا لازمی ہے(فوٹو، سوشل میڈیا)
بلدیہ جدہ نے پرنس ماجد اسٹریٹ پر واقع معروف شاپنگ سینٹرکو احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے دوبارہ سیل کردیاہے۔
مقامی ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق ریجنل بلدیہ کے سیکرٹری محمد الزھرانی نے کہا ہے کہ ’وزارت صحت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاو اور عوام الناس کو اس وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے متعدد ضوابط وضع کیے گئے ہیں جن پرعمل کرنا لازمی ہے، ایسے ادارے اور شاپنگ سینٹرز جہاں مقررہ ایس او پیز پر عمل نہیں کیاجاتا ان کے خلاف فوری کارروائی کی جاتی ہے تاکہ لوگوں کو محفوظ رکھاجائے‘۔

کورونا سے بچاو کےلیے مارکیٹس کو ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)

مذکورہ شاپنگ سینٹر میں قائم ہائیپر مارکیٹ کے حوالے سے الزھرانی کا کہنا تھا کہ ’مارکیٹ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے اسے دوسری بار بند کیا گیا ہے ‘۔
واضح رہے بلدیہ کے امور صحت کے ادارے کی جانب سے مقررہ قواعد وضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو شہر میں موجود تجارتی اداروں اور مارکیٹس کا دورہ کرکے اپنی رپورٹ اور سفارشات متعلقہ ادارے کو ارسال کرتی ہیں جن کی روشنی میں بلدیہ کی مخصوص ادارہ فوری کارروائی کرتے ہوئے مارکیٹ یا تجارتی مرکز کے خلاف تادیبی کارروائی کرتا ہے۔
وزارت صحت نے مملکت میں قائم تمام سپرمارکیٹس اور تجارتی اداروں کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ مارکیٹ میں آنے والے صارفین کو سماجی فاصلے کے اصول کا پابند بنایا جائے علاوہ ازیں مارکیٹ میں آنےوالوں کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنےکے علاوہ وہاں سینیٹائزر اور دستانے رکھے جائیں تاکہ آنے والے انہیں استعمال کریں۔

شیئر: