Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ ریجن میں گراں فروشی کے خلاف وزارت تجارت کی کارروائیاں

مکہ ریجن میں ایک ہفتے میں 322 خلاف ورزیاں درج کی گئیں(فوٹو، ایس پی اے)
وزارت تجارت کی جانب سے مکہ مکرمہ ریجن میں اشیائے خورونوش کی مسلسل اور مناسب نرخوں میں فراہمی کے لیے تفتیشی کارروائیاں جاری ہیں۔
تفتیشی کمیٹی کی جانب سےماہ رمضان المبارک کی آمد کے حوالے سے مختلف مارکیٹس میں لگائی جانے والی خصوصی رعایتی سیل کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق وزارت تجارت میں نرخوں کی نگرانی کرنے والے شعبے کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کی آمد کے حوالے سے مکہ ریجن کے مختلف شہرجن میں جدہ ، مکہ مکرمہ ،طائف ، رابغ، القنفذہ وغیرہ شامل ہیں میں سپراسٹورز، مارکیٹس، گوداموں اور پیٹرول اسٹیشنزکی نگرانی کےلیےتفتیشی دوروں کا عمل جاری ہے ۔
اس ضمن میں وزارت تجارت کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ متعلقہ شعبے کی جانب سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 2ہزار 176 تفتیشی دورے کیے گئے۔ ٹیموں نے مختلف نوعیت کی 322 خلاف ورزیاں درج کیں جن میں سے 21 فیصد گراں فروشی سے متعلق تھیں۔

سیل لگانے سے قبل وزارت سے لائسنس حاصل کرنا ضروری ہے۔

ذمہ دار کا کہنا تھا کہ گراں فروشی سے متعلق خلاف ورزیوں پر فوری طور پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ بعض دکانوں کے لائسنس یا کارکنوں کے میڈیکل کارڈ ایکسپائر تھے جنہیں انتباہی نوٹسز جاری کیے گئے۔
وزارت تجارت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ مملکت میں اشیائے خورونوش کی کسی سطح پر کمی کا سامنا نہیں تمام اشیا وافر مقدار میں مقامی مارکیٹوں میں موجود ہیں جو ہرقسم کی طلب کو پورا کرنے کےلیے کافی ہیں۔
انسداد گراں فروشی کے حوالے سے وزارت تجارت کی جانب سے خصوصی ’سیل ‘ بھی قائم کیا گیا ہے جہاں 24 گھنٹے شکایات درج کرائی جاسکتی ہیں جبکہ اس ضمن میں وزارت نے ٹول فری نمبر 1900 بھی جاری کیا ہے جس پر گراں فروشی یا دیگر نوعیت کی خلاف ورزی پر بھی شکایت درج کرائی جاسکتی ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں وزارت تجارت کی جانب سے صارفین کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے انسداد گراں فروشی کا قانون نافذ ہے اس ضمن میں جو بھی تاجراپنی مارکیٹ یا دکان میں اشیا کو رعایتی نرخوں میں فروخت کرنے کا خواہاں ہوتا ہے اسے ’سیل ‘ کا بورڈ لگانے سےقبل باقاعدہ وزارت کے متعلقہ شعبے سے اجازت حاصل کرنا ہوتی ہے۔

وزارت تجارت کی جانب سے نرخوں پرکنٹرول کےلیے کمیٹی مقرر کی گئی ہے(فوٹو، ایس پی اے)

رعایتی سیل کے لیے اجازت نامے کا حصول اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب تاجر اپنے سامان کے سابقہ اور سیل کے بعد کے نرخ واضح کرے جن کا تجزیہ کرنے کے بعد اسے مخصوص مدت کےلیے ’سیل‘ لگانے کا لائسنس جاری کیا جاتاہے۔
جو دکاندار یا تاجر لائسنس حاصل کیے بغیر ’سیل ‘ کا بورڈ لگاتا ہے اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔
 

شیئر: