Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت صحت کی اردو میں ویڈیو ہیلتھ گائیڈ

ویڈیو میں کورونا کے بارے میں سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے- فوٹو: وزارت صحت
سعودی وزارت صحت نے اردو اور بنگالی زبانوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے طور طریقے سمجھانے کے  لیے ویڈیو ہیلتھ گائیڈ تیار کی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت صحت نے ویڈیو گائیڈ میں اردو اور بنگالی بولنے والوں سے ان  کی زبانوں میں اپیل کی ہے کہ اگر انہیں کورونا کا کوئی کیس نظر آئے تو اسے نظر انداز نہ کریں۔
’اگر آپ میں سے کوئی بھی شخص کورونا وائرس کی علامتیں اپنے اندر محسوس کرے مثلا درجہ حرارت بڑھا ہوا ہو، کھانسی آرہی ہو، کھانے پینے کی خوشبو نہ آ رہی ہو اور سانس لینے میں تکلیف ہو رہی ہو تو پہلی فرصت میں سعودی عرب کے کسی بھی سرکاری اور نجی ہسپتال سے رجوع کرکے کورونا ٹیسٹ کرائیں۔‘
پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’اس پر خاموش نہ بیٹھیں، خاموش رہنے سے نہ صرف آپ کی زندگی بلکہ اپنے اطراف موجود لوگوں کی زندگی بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔‘
ویڈیو پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ ’سرکاری یا نجی ہسپتال سے وہ لوگ بھی رجوع کرسکتے ہیں جو غیرقانونی طور پر مقیم ہوں۔ رجوع کرنے والے سے اس کا شناختی کارڈ یا اقامہ طلب نہیں کیا جائے گا۔‘
اردو اور بنگالی میں جاری ویڈیو پیغام کے مطابق ’سرکاری یا نجی ہسپتال سے رجوع کرتے وقت اس خدشے میں مبتلا نہ ہوں کہ آپ سے کورونا ٹیسٹ کی کوئی فیس وصول کی جائے گی یقین جانیں کہ کورونا ٹیسٹ سروس فری ہے۔ سعودی حکومت نے اس کا  انتظام تمام سعوی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے لیے مفت کر رکھا ہے۔‘
ہسپتالوں میں علاج کی تمام سہولتیں اعلی درجے کی ہیں اور مریض سے علاج کا خرچ نہیں لیا جائے گا۔

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: