Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیح رشید سی ایم ایچ راولپنڈی میں داخل

وفاقی وزیر برائے ریلوے کو چند دن قبل کورونا تشخیص ہوا تھا۔ فوٹو: پی آئی ڈی
پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے  شیخ رشید  کو سنیچر کی رات سی ایم ایچ راولپنڈی میں داخل کرایا گیا ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے ملٹری ہسپتال راولپنڈی سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 'میرا COVID-19 کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق علاج کر رہے ہیں۔'
انہوں نے بتایا کہ وہ اب پہلے کی نسبت بہتر محسوس کر رہے ہیں۔۔ شیخ رشید نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس وبا کو سنجیدگی سے لیں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
 نجی ٹی وی چینل نے ترجمان کے حوالے سے بتایا تھا کہ  شیخ رشید  کورونا سے متاثر ہیں ۔ ان کی طبیعت شام سےخراب تھی ۔اب انہیں سی ایم ایچ راولپنڈی داخل کردیا گیا ہے۔
معروف ٹی وی اینکر معید پیرزادہ نے ٹوئٹ کی کہ ’شیخ رشید احمد کو بہتر علاج کے لیے ملٹری ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا ہے۔ انہیں کوویڈ 19 کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ اپنے گھر پر قر نطینہ میں تھے‘۔
معید پیرزادہ نے مزید کہا کہ ’ہم سب اس بیماری سے ان کی جلد اور مکمل صحت یابی  کے لیے دعا گو ہیں’۔ 
اس سے قبل  ترجمان وزارتِ ریلوے کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کو بظاہر کورونا کی کوئی علامات نہیں ہیں تاہم ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق وہ دو ہفتے کے لیے آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔
 وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  نے  وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو ٹیلی فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی تھی اور جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
 واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آ گئی ہے اور اب اس سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ممبران اور سیاسی رہنما بھی متاثر ہو رہے ہیں۔  پاکستان میں سیاستدان اور دیگر اہم افراد بھی اس مہلک وبا کا شکار ہوئے ہیں۔نمایاں سیاستدانوں میں شہباز شریف، یوسف رضا گیلانی،شاہد خاقاقان عباسی شامل ہیں۔
پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 88 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 6 ہزار 472 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس وقت ملک میں 79 ہزار 798 افراد کورونا سے متاثر ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 32 ہزار 405 افراد متاثر ہوچکے ہیں، جن میں سے 50 ہزار 56 صحت یاب ہوئے ہیں، جبکہ دو ہزار551 کی موت واقع ہوئی۔
 

 

شیئر: