Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سے فیصل آباد اور پشاور کے لیے دو مزید خصوصی پروازیں

دونوں پروازوں سے 280 پاکستانیوں کی واپسی ہوئی ہے(فوٹو اردونیوز)
پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز( پی آئی اے) کی مزید دو خصوصی پروازیں اتوار کی صبح جدہ سے پاکستان پہنچی ہیں۔
پہلی پرواز پی کے 9764 جدہ سے 140 مسافروں کو لے کر صبح ساڑھے چار بجے فیصل آباد روانہ ہوئی جبکہ دوسری پرواز پی کے 9736  سے صبح پانچ بجے 140 مسافر  پشاور روانہ ہو ئے۔
پاکستان کے قونصل جنرل کی نمائندگی کرتے ہوئے دونوں پروازوں کے مسافروں کو الوداع کرنے کے لیے ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو جدہ ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
یاد رہے کہ کورونا کے پھیلنے کی وجہ سے معمول کی بین الاقوامی پروازوں کی معطلی کے بعد حکومت پاکستان نے سعودی عرب سمیت مختلف ممالک سے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے لیے پی آئی اے کی خصوصی پروازیں شروع کی ہیں۔
یکم مئی 2020  جب سعودی عرب کے لئے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کا آغاز ہوا سے لے کر اب تک جدہ سے اٹھارہ پروازوں کے ذریعے 3500 سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس بھیجا جا چکا ہے۔ ریاض سے چودہ  خصوصی پروازوں کے ذریعے دو ہزار 494 پاکستانی وطن واپس جا چکے ہیں۔ دمام سے بھی خصوصی پروازیں چلائی گئی ہیں۔

پاکستانیوں کی واپسی کے لیے مئی سے خصوصی پروازیں چلائی جا رہی ہیں(فوٹو اردونیوز)

 ریاض میں سفارتخانہ اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ ، پی آئی اے کے قریبی تعاون سے اس خصوصی پروازوں کے انتظامات دیکھ رہا ہے۔
سعودی عرب میں سفری پابندیوں کے بعد پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے مئی سے خصوصی پروازیں چلائی جا رہی ہیں اور ان کا سلسلہ جاری ہے۔
سعودی عرب میں اس وقت ہزاروں پاکستانی وطن واپسی کے خواہش مند ہیں جن میں سے بیشتر وزٹ یا بزنس ویزے پر آئے تھے یا وہ سفری پابندیوں کے باعث واپس نہیں جا سکے تھے۔

شیئر: