Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرمایہ کاری کے لیے فرضی اشتہارات سے خبردار

اشتہارات وزیر تجارت کے نام سے پھیلائے جا رہے ہیں۔ (فوٹوٹوئٹر)
سعودی وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمان الحسین نے انٹرنیٹ پر فرضی اور گمراہ کن اشتہارات کے حوالے سے خبردار کیا ہے ۔ یہ اشتہار وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ  القصبی کے نام سے پھیلائے جا رہے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ترجمان نے بتایا ہے کہ ڈاکٹر ماجد القصبی کے نام سے مختلف فرضی ناموں سے سرمایہ کاری پروگرام پھیلائے جا رہے ہیں۔
ان میں سے ایک پروگرام کا نام ’رسالہ من ولی العہد‘ (ولی عہد کی طرف سے پیغام) اور دوسرا ’صرف سعودی شہریوں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع‘ اور تیسرا اشتہار ’صرف شہریوں کے لیے زریں موقع‘ جیسے فرضی ناموں سے ہے۔
الحسین نے بتایا کہ اس قسم کے اشتہارات دینا یا انہیں رائج کرنا سعودی قانون کے بموجب جرم ہے۔ یہ دھوکہ دہی، جعلسازی اور رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے دائرے میں آتا ہے۔ اس قسم کے اشتہارات دینے والے قانون مخالف فریقوں کے لیے پرکشش نام استعمال کرکے سرمایہ جمع کر رہے ہیں۔
بیان میں ترجمان نے مزید کہا کہ فرضی اشتہارات دینے والوں کو ای بزنس قانون کی کھلی خلاف ورزی پر دس لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی۔ غیرقانونی سرگرمیوں میں اکاؤنٹ استعمال کرنے پر بند کردیا جائے گا جبکہ قانون تجارت کی خلاف  ورزی کرنے والے کی تشہیر خود ان کے خرچ پر کی جائے گی۔
وزارت تجارت کے ترجمان نے بتایا کہ گمراہ کن اشتہارات جاری کرنے والوں کا تعاقب متعلقہ اداروں کے توسط سے شروع کر دیا گیا ہے اور اس پر جلد قانونی کارروائی کی جائے گی۔

شیئر: