Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں بھی کورونا کے علاج کے لیے ڈیکسا میتھازون کا استعمال

میڈیکل جائزے میں یہ دوا موثر بتائی گئی ہے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی وزارت صحت نے ڈیکسا میتھازون کو کووڈ 19 (نئے کورونا وائرس) کے علاج کے لیے مقرر ادویہ میں شامل کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت نے بدھ کو بیان میں بتایا کہ ڈیکسا میتھازون دوا کا تعلق (پوٹیزون) کی ادویہ سے ہے۔
سعودی عرب نے اپنے ہسپتالوں میں زیرعلاج کورونا کے مریضوں کو یہ دوا استعمال کرانا شروع کی ہے۔ یہ دوا ان مریضوں کو بھی دی جارہی ہے جو انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیر علاج ہیں اور وینٹی لیٹر پر ہیں۔
وزارت صحت نے بیان میں مزید کہا کہ میڈیکل جائزے میں یہ دوا موثر بتائی گئی ہے۔ میڈیکل جائزے کے بعض نتائج عالمی رائے عامہ کے لیے بھی جاری ہوئے ہیں۔
طبی محققین کا کہنا ہے کہ اس دوا کی بدولت انتہائی نگہداشت میں زیر علاج کووڈ 19 کے مریضوں کی اموات میں کمی واقع ہورہی ہے۔ کورونا کے ایسے مریض بھی اس دوا سے صحت یاب ہورہے ہیں جو 35 فیصد تک وینٹی لیٹر کے محتاج تھے۔
اس دوا سے ان مریضوں کی اموات کی تعداد بھی کم ہوئی ہے جو آکسیجن پر ہیں اور 20 فیصد وینٹی لیٹر پر نہیں ہیں۔
وزارت صحت نے اطمینان دلایا ہے کہ اس کے ماہرین کووڈ 19 کے مریضوں کے علاج کے لیے دواؤں کے انتخاب کے سلسلے میں تازہ ترین صورتحال پر نظر رکھے ہوئے  ہیں-

وزارت صحت کے ماہرین عالمی سطح پر ہونے والی ریسرچ  پر نظر رکھے ہوئے ہیں- (فوٹو: سبق)

ایسی کوئی بھی دوا جس سے مریضوں کو فائدہ ہوگا اسے سعودی ہسپتال اور ہیلتھ سینٹرز میں زیر علاج کورونا کے مریضوں کے لیے مقرر ادویہ میں شامل کرلیا جائے گا-
وزارت صحت کے ماہرین کووڈ 19 کے حوالے سے دنیا بھر کے ریسرچ سینٹرز کی نت نئی تحقیقات اور تجربات پر مسلسل گہری نظر رکھے ہوئے ہیں-
یاد رہے کہ سعودی عرب نے کورونا بحران شروع ہوتے ہی متاثرین کے علاج کے لیے دواؤں کا ایک مجموعہ منتخب کیا تھا۔ یہ کام سپیشلسٹ میڈیکل ٹیموں کی ریسرچ اور مشاورت کی بنیاد پر انجام دیاگیا تھا۔ تب سے لیکر اب تک ہمارے ڈاکٹر نئے کورونا کے مریضوں کے علاج کے حوالے سے نت نئی معلومات اور تجربات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
 

شیئر: