Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بشار اور ان کی اہلیہ پر امریکی پابندیاں

  39 شامی شخصیات اور ایک ادارے پربھی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔(فوٹو سوشل میڈیا)
امریکہ نے شامی صدر بشار الاسد، ان کی اہلیہ اسما،  39 شامی شخصیات اور ایک ادارے پر سخت پابندیاں عائد کردیں۔
امریکہ نے  پابندیوں کا یہ فیصلہ شامی حکومت کو فنڈنگ کے ذرائع سے محروم کرنے،اقوام متحدہ کی قیادت میں امن مذاکرات پر واپس لانے کے لیے کیا ہے۔
 سبق ویب سائٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بدھ کو بیان میں کہا کہ پابندیاں  شامی شہریوں کی سلامتی کی خاطر لگائی گئی ہیں۔

  پومپیو کے مطابق پابندیاں  شامی شہریوں کی سلامتی کے لیے ہیں۔(فوٹو اے ایف پی)

 پومپیو نے مزید کہا کہ آئندہ ہفتوں اور مہینوں کے دوران بشار الاسد کے نظام حکومت پر بہت ساری پابندیاں لگائی جائیں گی۔ صرف نئی پابندیوں پر اکتفا نہیں کیا جائے گا۔​امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دسمبر 2019 کے دوران شامی شہریوں کے تحفظ کے لیے خصوصی قانون پر دستخط کیے تھے۔
روسی خبر رساں ادارے آر ٹی کے مطابق شامی دفتر خارجہ کے عہدیدار نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پابندیوں کی پہلی قسط نے ظاہر کردیا ہے کہ امریکہ تمام بین الاقوامی قوانین و روایات کو پس پشت ڈال چکا ہے۔
شامی سفارتکار نے واضح کیاکہ ہمارے عوام  امریکی پابندیوں کا مقابلہ عزم و حوصلے کے ساتھ کریں گے۔
امریکی دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چھ برس قبل بہادر فوٹو گرافر نے جس کا نام قیصرتھا شام سے بشار الاسد کےنظام حکومت کے تشدد اور جبر کو اجاگر کرنے والی تصاویر عالمی رائے عامہ کو بھیجی تھیں- یہ تصاویر شامی جیلوں میں ہزاروں شہریوں پر تشددد اور انہیں موت کی سزا دینےکے مناظر پر مشتمل تھیں۔امریکی صدر نے 180 دن قبل اسی حوالے سے ایک قانون پر دستخط کیے تھے جسے قانون قیصر کا نام دیا گیا تھا۔ اس کے بموجب کانگریس نے شام پر سخت اقتصادی پابندیوں کی اجازت دے دی ہے۔

شیئر: