Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برازیل میں 10 لاکھ متاثر، چین میں نئے کیسز

گذشتہ چار دن سے برازیل میں روزانہ ایک ہزار افراد ہلاک ہو رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
لاطینی امریکہ کے ملک برازیل میں کورونا وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور یہ اموات اور متاثرین کے لحاظ سے دنیا میں دوسرے نمبر پر پہنچ چکا ہے جہاں متاثرین کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 48 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ برازیل میں کیسز کی اصل تعداد زیادہ ہو سکتی ہے۔
برازیل میں وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 54 ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آئے جس کی وجہ یہ ہے کہ رپورٹنگ سسٹم میں خرابی کے باعث بعض ریاستیں کئی دنوں کے کیسز اکٹھے رپورٹ کر رہی ہیں۔

 

گذشتہ چار دن سے برازیل میں روزانہ ایک ہزار افراد ہلاک ہو رہے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق صرف جون میں پانچ لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں اور 19 ہزار ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری طرف چین میں بھی یہ وبا پھر سے سر اٹھا رہی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں 27 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 22 دارالحکومت بیجنگ میں پائے گئے ہیں۔
اس ایک روز قبل 32 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جن میں سے 25 بیجنگ میں تھے۔
بیجنگ میں سی فوڈ اور گوشت کی مارکیٹ کا تجارتی حصہ بھی کورونا وائرس کے جراثیم سے شدید آلودہ ہوگیا ہے۔ حکام کے مطابق مارکیٹ میں کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ کم درجہ حرارت اور ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونا ہو سکتا ہے۔
 اس کے علاوہ چین میں سات ایسے مریض بھی سامنے آئے ہیں جن پر وبا کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں تاہم چین ان کا شمار مصدقہ کیسز میں نہیں کرتا۔
امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے مطابق دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 86 لاکھ 41 ہزار سے بڑھ چکی ہے اور ساڑھے چار لاکھ کے قریب ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
امریکہ میں کورونا کیسز کی تعداد 22 لاکھ سے زیادہ ہے جبکہ اموات ایک لاکھ 19 ہزار سے بڑھ چکی ہیں۔
برازیل کے بعد سب سے زیادہ اموات برطانیہ میں سامنے آئی ہیں جن کی تعداد 42 ہزار سے زائد ہے اور کیسز تین لاکھ تین ہزار ہیں۔

کیسز کے لحاظ سے امریکہ اور برازیل کے بعد روس تیسرے نمبر پر ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اگر یورپ کو دیکھا جائے تو اٹلی میں ہلاکتیں 34 ہزار 561 ہیں، فرانس میں 29 ہزار 620 ، سپین میں 28 ہزار 315 ، بیلجیم میں نو ہزار 695 اور جرمنی میں آٹھ ہزار 887 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
کیسز کے لحاظ سے امریکہ اور برازیل کے بعد روس تیسرے نمبر پر ہے، روس میں متاثرین پانچ لاکھ 68 ہزار ہیں اور ہلاکتیں سات ہزار 831 ہیں۔
روس کے بعد انڈیا ہے جہاں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک ساڑھے 12 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں اور متاثرین تین لاکھ 80 ہزار سے زیادہ ہیں۔

شیئر: