برطانیہ کو دیگر یورپی ملکوں سے جوڑنے والی ٹرین ’یوروسٹار‘ کی سروس معطلی کے بعد بحال
برطانیہ کو دیگر یورپی ملکوں سے جوڑنے والی ٹرین ’یوروسٹار‘ کی سروس معطلی کے بعد بحال
منگل 30 دسمبر 2025 16:06
برطانیہ کو یورپ کے دیگر ملکوں سے جوڑنے والی ٹرین سروس یورو سٹار نے منگل کے روز بتایا کہ چینل ٹنل میں بجلی کی فراہمی میں خرابی کے باعث معطل کی گئی سروسز دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق آپریٹر کی جانب سے لندن، پیرس، ایمسٹرڈیم اور برسلز کے درمیان تمام سروسز ملتوی کیے جانے کے بعد مسافر متبادل سفری انتظامات تلاش کرنے پر مجبور ہو گئے تھے۔
یورو اسٹار نے دوپہر کے وقت اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ’چینل ٹنل جزوی طور پر دوبارہ کھلنے کے بعد ہم بتدریج سروسز بحال کرنا شروع کر رہے ہیں۔‘
یورو سٹار کے ایک ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ پہلی سروسز تقریباً 1600 گرینچ معیاری وقت (جی ایم ٹی) پر بحال کی جائیں گی۔
قبل ازیں کمپنی نے لندن سے آنے جانے والی سروس مکمل طور پر معطل کر دی ہے۔
یوروسٹار نے شدید تاخیر اور منسوخی سمیت ’بڑے خلل‘ کا حوالہ دیتے ہوئے مسافروں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ منگل کا اپنا سفر بعد کی تاریخوں تک ملتوی کر دیں۔
ٹرین آپریٹر نے اس صورتحال کی وجہ چینل ٹنل میں اوور ہیڈ پاور سپلائی میں مسئلہ اور اس کے نتیجے میں ’لی شٹل ٹرین‘ کی خرابی کو قرار دیا تھا۔
یورو اسٹار نے اپنی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں کہا تھا کہ ’ہم اپنے تمام مسافروں سے کہتے ہیں کہ وہ اپنا سفر کسی دوسری تاریخ تک ملتوی کریں۔‘
ٹرین چلانے والی کمپنی نے کہا تھا کہ ’براہ کرم سٹیشن مت آئیں جب تک کہ آپ کے پاس سفر کا ٹکٹ نہ ہو۔‘
پیغام میں مزید کہا گیا تھا کہ ’ہمیں افسوس ہے کہ جو ٹرینیں چل رہی ہیں وہ شدید تاخیر اور آخری لمحات میں منسوخی کا شکار ہیں۔‘
یوروسٹار کمپنی جو برطانیہ اور یورپ کے دیگر ملکوں درمیان ٹرینین چلاتی ہے، نے مسافروں پر زور دیا تھا کہ وہ ’اپنی ٹرین کے بارے میں لائیو اپ ڈیٹس چیک کریں۔‘
گزشتہ سال یوروسٹار پر ریکارڈ 19.5 ملین مسافروں نے سفر کیا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
یہ خلل کرسمس اور نئے سال کے درمیان انتہائی مصروف سفر کے دنوں میں پیش آیا۔
یوروسٹار کمپنی لندن کے سینٹ پینکراس سٹیشن سے پیرس، برسلز اور ایمسٹرڈیم جیسے شہروں تک ٹرینیں چلاتی ہے۔
’لی شٹل‘ جنوب مشرقی انگلینڈ میں فالکسٹون اور شمالی فرانس میں کالیئس کے درمیان گاڑیوں کو لے جانے والی ٹرینیں بھی چلاتی ہے۔
گزشتہ سال یوروسٹار پر ریکارڈ 19.5 ملین مسافروں نے سفر کیا تھا جو کہ 2023 کے مقابلے میں تقریباً پانچ فیصد زیادہ ہے۔
یہ اضافہ پیرس میں اولمپکس اور پیرا اولمپکس کو دیکھنے کے لیے آنے والوں کی وجہ سے ہوا تھا۔