Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد حفیظ کا کورونا ٹیسٹ نیگیٹو

محمد حفیظ دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کردہ پاکستان کی ٹیم کا حصہ ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
ایک روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کی اطلاع کے بعد خبروں کا موضوع بننے والے محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ انہوں نے خود ٹیسٹ کرایا جو نیگیٹو آیا ہے۔
بدھ کی دوپہر سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے اعلان میں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ انہوں نے پی سی بی کی اطلاع ملنے کے بعد دوسری رائے کے طور پر اپنا اور اہلخانہ کا ٹیسٹ کرایا تھا۔
محمد حفیظ نے ٹیسٹ رپورٹ کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اپنا اور اہلخانہ کا ٹیسٹ کرایا جس کی رپورٹ منفی آئی ہے۔
محمد حفیظ دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کیے گئے پاکستانی سکواڈ کا حصہ ہیں۔
گزشتہ روز 23 جون کو پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹوں سے متعلق جاری کردہ تفصیل میں محمد حفیظ کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کی اطلاع دی گئی تھی۔
پی سی بی کی پریس ریلیز میں فخر زمان، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد حسنین، محمد رضوان اور وہاب ریاض کے ٹیسٹ بھی پازیٹو آنے کا بتایا گیا تھا۔
پی سی بی نے آئندہ کے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن کھلاڑیوں اور معاون عملے کی ٹیسٹ رپورٹس منفی آئی ہیں وہ 24 جون کو لاہور میں میں جمع ہوں گے جہاں 25 جون کو ان کے دوبارہ ٹیسٹ ہوں گے۔ جن افراد کے ٹیسٹ منفی آئے وہ خصوصی پرواز کے ذریعے اگلے 24 گھنٹے میں مانچسٹر کے لیے روانہ ہوں گے۔ برطانیہ پہنچنے کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر ان کھلاڑیوں اور معاون عملے کے ٹیسٹ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے میڈیکل پینل کی جانب سے لیے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق برطانیہ پہنچنے پر ٹیسٹ میں جو لوگ نیگیٹو آئے وہ 14 دن کے لیے قرنطینہ میں رہیں گے۔
محمد حفیظ کی جانب سے نئے ٹیسٹ کی رپورٹ شیئر کرنے اور نتیجہ منفی آنے پر سوشل میڈیا صارفین نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ کچھ صارف انہیں صحت کی مبارک دیتے رہے تو کچھ نے مزید احتیاط کا مشورہ دیا۔

کورونا کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ رپورٹس کے مثبت اور منفی آنے کے پہلو بھی صارفین کی گفتگو کا حصہ بنے۔

ٹیسٹ مثبت اور پھر منفی آنے کو کچھ صارفین نے کھیل کی اصطلاح میں ’ٹائی‘ قرار دے کر، آئندہ مرحلے کا پوچھا تو دیگر نے معاملہ ’سپر اوور‘ تک لے جانے کی حامی بھری۔

قبل ازیں، گزشتہ روز محمد حفیظ سمیت کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے والے دیگر کھلاڑیوں اور معاون عملے کے متعلق کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ وہ اپنے گھروں پر قرنطینہ میں رہیں گے۔ اس دوران پی سی بی کا طبی پینل ان کی سخت نگرانی کرے گا۔ قرنطینہ کا کم از کم دورانیہ پورا ہونے کے بعد ان کے دوبارہ ٹیسٹ لیے جائیں گے۔ اگر دو ٹیسٹ منفی آئے تو وہ ٹیم کے ساتھ انگلینڈ جائیں گے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: