Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ سے زیادہ

عالمی وبا نے گزشتہ پانچ ماہ سے دنیا کے تقریبا ہر ملک کے شہریوں کو متاثر کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
عالمی وبا کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک کروڑ سے بڑھ گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ 98 ہزار کے لگ بھگ ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کورونا کا شکار ہونے کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 50 لاکھ سے زیادہ ہے۔
دنیا میں سب سے زیادہ متاثرین امریکہ میں ہیں جن کی تعداد 25 لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی امریکہ میں ہوئی ہیں۔
روئٹرز کے مطابق دنیا میں اس وقت کورونا کے ایکٹیو کیسز 44 لاکھ 79 ہزار سے زائد ہیں۔

 

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار کے مطابق امریکہ میں کورونا سے اموات کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد ہے جن میں سے 31 ہزار 368 ہلاکتیں صرف ریاست نیویارک میں ہوئیں۔ نیو جرسی کی ریاست میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 15 ہزار کے لگ بھگ ہے۔
کورونا کے متاثرین کے لحاظ سے برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہآں 13 لاکھ سے زیادہ شہری اس وبا کی لپیٹ میں آئے۔
روس تیسرے نمبر پر ہے جہاں مریضوں کی تعداد چھ لاکھ سے زائد جبکہ انڈیا میں متاثرین پانچ لاکھ سے بڑھ چکے ہیں۔
یورپی ملکوں میں کورونا کے پھیلاؤ میں کمی آئی ہے تاہم معاشی سرگرمیوں کی مکمل بحالی نہیں ہو سکی۔
روئٹرز کے مطابق سپین نے اپنی سرحدیں بعض احتیاطی تدابیر اور شرائط کے ساتھ سیاحوں کے لیے کھول دی ہیں تاہم کروز شپس کی آمد پر تاحال پابندی عائد ہے۔

شیئر: