Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سٹار بکس‘ کے ملازم کے لیے 32 ہزار ڈالر ٹپ

سٹار بکس پر کام کرنے والے ملازم کو ٹپ کی رقم آن لائن دی گئی۔ فائل فوٹو: روئٹرز
کورونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال میں لوگ انفرادی بنیادوں پر ہی نہیں بلکہ اپنے کاروبار کے دوران بھی احتیاطی تدابیر اختیار کیے ہوئے ہیں۔ احتیاط کے ایسے ہی ایک مظاہرے پر مشہور امریکی کافی چین ’سٹار بکس‘ پر کام کرنے والے شخص کو لوگوں نے ٹپ کے طور پر تین دن میں 32 ہزار ڈالر دے دیے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امبر لین گلس نام کی ایک خاتوں ماسک پہنے بغیر امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں سٹار بکس گئیں تو کاؤنٹر پر موجود شخص نے ان کو سرو کرنے کے انکار کر دیا۔
اس پر امبر لین گلس نے اس کی تصویر لی اور سوشل میڈیا پر پوسٹ لگا کر لکھا کہ سٹار بکس پر لینن نے انہیں سرو کرنے سے انکار کر دیا کیونکہ انہوں نے ماسک نہیں پہنا تھا۔ 'اگلی بار میں پولیس کا انتظار کروں گی اور طبی سرٹیفیکیٹ ساتھ لاؤں گی۔‘
تاہم ان کی سوشل میڈیا پوسٹ کا الٹا اثر ہوا، خاصی تنقید بھی ہوئی اور ایک لاکھ کے قریب تبصرے کیے گئے۔
کئی لوگوں نے سٹار بکس کے اس آؤٹ لیٹ پر کام کرنے والے لینن گوتیریز کو ماسک نہ پہننے والی خاتون کو انکار کرنے پر سراہا اور امبر لین گلس کو ایک ایسی خاتون کہا جو کہ لوگوں کو نامناسب باتیں کہنا اپنا حق سمجھتی ہیں۔
ایک فیس بک صارف نے لکھا کہ امبر لین گلس کو لینن گوتیریز کو بدنام کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے تھی کیونکہ وہ تو صرف کام کر رہا ہے۔ 
کمنٹس میں کچھ لوگوں نے لینن گوتیریز کو سراہتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ وہ انہیں ٹپ دینا چاہتے ہیں۔ 
جس پر میٹ کوان نامی ایک شخص نے 'گو فنڈ می' نامی ویب سائٹ پر لینن گوتیریز کو ٹپ دینے کا بندوبست کیا۔
میٹ کوان کا کہنا ہے کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ لینن گوتیریز کے لیے ایک ہزار ڈالر سے زیادہ ٹپ اکھٹی ہو سکے گی۔ لیکن صرف تین دنوں میں یہ رقم بڑھ کر 32 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی اور اب بھی لوگ ان کے لیے ٹپ دے رہے ہیں۔
کے جی ٹی وی نام کے چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے میٹ کوان کا کہنا تھا کہ ہر کوئی ایک ایسے شخص کی حمایت کر رہا ہے جو درست طریقے سے اپنا کام سرانجام دے رہا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ دنیا میں بہت سے اچھے لوگ ہیں۔ 
ایک ویڈیو میں لینن گوتیریز کا کہنا تھا کہ وہ اتنے لوگوں کے مثبت ردِ عمل پر حیران ہیں اور انہوں نے ٹپ دینے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
امبر لین گلس نے ماسک نہ پہننے کی وجہ نہیں بتائی نہ ہی انہوں نے واشنگٹن پوسٹ کے سوال پر کوئی جواب دیا۔
تاہم سان ڈیاگو کے ٹی وی سٹیشن این بی سی 7 پر ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا ہے کہ انہیں اپنے فیس بک پوسٹ ہر موت کی دھمکیاں ملی ہیں۔
 

شیئر: