Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں وبا لوٹنے لگی، 24 گھنٹوں میں 34 ہزار نئے مریض

گورنر نیواڈا نے عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی عائد کر دی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس کا بحران سنگین ہوگیا ہے اور ریاست ٹیکساس کے گورنر جو کاروبار کھولنے کے بہت بڑے حامی تھے بھی اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئے ہیں کیونکہ ملک میں کورونا کیسز ایک بار پھر اپریل کے آخر کی انتہا کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ میں اضافہ کیا گیا ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ لگتا ایسے ہے کہ وبا واپس آ رہی ہے۔     
روزانہ کی اموات، لوگوں کا ہسپتالوں میں داخلہ اور مثبت ٹیسٹوں کی شرح میں اضافہ گذشتہ چند ہفتوں کے دوران خاص طور پر ملک کے جنوب اور مغرب میں اضافہ ہوا ہے۔

 

ریاست ایری زونا میں گذشتہ سات روز کے دوران کیے گئے ٹیسٹوں میں سے 23 فیصد مثبت آئے ہیں اور یہ شرح ملک کی مجموعی شرح سے تین گنا زیادہ ہے جبکہ ریکارڈ 415 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔
ریاست مِس سِسپی میں ایک ہفتے کے دوران دو مرتبہ کورونا کے تصدیق شدہ کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
مس سسپی کے ہیلتھ آفیسر تھامس ڈوبز کا کہنا ہے کہ 'یہ کوئی مذاق نہیں ہے۔ درحقیقت بُری چیزیں ہونے والی ہیں۔'
ٹیکساس کے ری پبلکن گورنر گریگ ایبٹ کی ریاست کا شمار ان ریاستوں میں ہوتا ہے جہاں سب سے پہلے کاروبار کھولا گیا میں مزید نرمی پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اب ہمیں ایک آخری چیز کرنی ہے اور وہ یہ کہ ہمیں یہاں سے واپس جانا ہے اور کاروبار بند کرنے ہیں۔
ریاست نیواڈا کے گورنر نے لاس ویگاس سمیت عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی عائد کر دی ہے۔  

ماہرین کے مطابق امریکہ میں روزانہ اموات کی شرح 600 ہے (فوٹو: اے ایف پی)

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق بدھ کو امریکہ میں 34 ہزار 500 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ اپریل میں سب سے زیادہ 36 ہزار 400 کیسز کے قریب ہیں۔
ماہرین کے مطابق امریکہ میں روزانہ اموات کی شرح 600 ہے جبکہ اپریل کے وسط میں یہ  تعداد 2200 تک تھی۔
ماہرین کے مطابق علامات اور ٹیسٹنگ نہ ہونے کے سبب کئی مریضوں کی تعداد کو شمار نہیں کیا جا سکا ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 24 لاکھ 22 ہزار 312 ہو گئی ہے جبکہ اب تک ایک لاکھ 24 ہزار 415 اموات ہو چکی ہیں۔
دنیا بھر میں وبا سے اب تک 96 لاکھ 12 ہزار 250 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ چار لاکھ 89 ہزار 372 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

 امریکہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 24 لاکھ 22 ہزار 312 ہو گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

امریکہ کے بعد کورونا کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے جنوبی امریکہ کے ملک برازیل میں 12 لاکھ 28 ہزار 114 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ ملک میں 55 ہزار کے قریب ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
روس میں 6 لاکھ 13 ہزار سے زائد کورونا کے مریض موجود ہیں اور ملک میں 8 ہزار 600 کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
انڈیا میں 4 لاکھ 90 ہزار 400 افراد کورونا کے مرض میں مبتلا ہیں جبکہ ملک میں 15 ہزار 300 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
برطانیہ میں 3 لاکھ 9 ہزار 455 افراد میں وبا کی تشخیص ہوئی ہے اور ملک میں 43 ہزار 314 اموات ہو چکی ہیں۔

شیئر: