Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شادی پرانی بھی ہوں تو مارگلہ جا سکتے ہیں‘

مارگلہ کی پہاڑیوں پر پیدل چلنے کے لیے متعدد مقامات مختص ہیں (فوٹو ہائک پی کے)
ڈپٹی کشمنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے ایک نئے شادی شدہ جوڑے کی جانب سے مارگلہ کی پہاڑیوں پر چہل قدمی کی اجازت کا جواب دیتے ہوئے نیا سوال کیا تو ایک ٹویٹ تک محدود سرگرمی خاصی طویل گفتگو کی شکل اختیار کر گئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع مارگلہ کی پہاڑیوں پر ٹریلز کہے جانے والے کئی ایسے مقامات ہیں جہاں صحت اور قدرتی مناظر کے دلدادہ افراد چہل قدمی کے لیے جاتے ہیں۔
کورونا وائرس کی صورتحال نے وبائی شکل اختیار کی تو دیگر عوامی مقامات کے ساتھ مارگلہ ہلز کے یہ مقامات بھی بند کر دیے گئے تھے۔
بعد میں انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر پر عمل کی شرط کے ساتھ لوگوں کو ٹریلز استعمال کرنے کی اجازت دے دی تھی۔
ٹریلز پر جانے اور شادی بچانے کے خواہاں مزمل طوری نامی ایک صارف نے ڈپٹی کمشنر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’بیگم گلہ کر رہی ہے کہ شادی سے پہلے تو بڑی باتیں کرتے تھے کہ ہر اتوار کو مارگلہ ہلز جایا کریں گے۔ اجازت نہ ملی تو ازدواجی حالات کی خرابی کی ساری ذمہ داری ڈی سی صاحب پر عائد ہو گی‘۔
 

ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے مزمل کو جواب دیا تو لکھا ’مارگلہ ہلز پر جا سکتے ہیں چاہے آپ کی شادی پرانی ہی کیوں نہ ہو ۔۔ ایس او پی بس صحیح  فالو کریں۔ گلہ اگر پھر بھی ختم نہ ہوا تو پھر ؟‘

بظاہر تو مارگلہ جانے کی مشروط اجازت ملنے پر بات ختم ہو گئی البتہ حمزہ شفقات کے نئے سوال اور قبل ازیں مزمل طوری کے مسئلے کی نوعیت نے دیگر صارفین کو بھی آمادہ کیا کہ وہ بھی گفتگو کا حصہ بنیں۔
عائشہ آزر نامی صارف نے مزمل کو ایسی تجویز دی کہ انہیں مارگلہ بھی نہ جانا پڑے اور ازدواجی حالات بھی خراب نہ ہوں۔

شادی شدہ لوگوں کے مسئلے اور حل کا ذکر ہوا تو کچھ غیر شادی شدہ صارفین نے اپنے لیے بھی رہنمائی چاہی۔ ٹیلی ویژن میزبان زریاب عارف نے لکھا ’اور جو شادی شدہ نہیں ،بس ہفتے بھر کی تھکاوٹ ختم کرنے کے لیے جانا چاہیں وہ بیچارے کیا کریں‘۔
 

ایمن زاہد نے اپنے تبصرے میں لکھا ’ماسک پہنیں اور سوشل ڈسٹنسنگ کا خیال رکھتے ہوئے ہائکنگ کریں جیسے ہم روز کرتے ہیں‘۔

نائلہ نامی صارف نے اجازت چاہتے والے مزمل اور ڈی سی کو مینشن کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ نہ لے کر گئے تو ٹویٹ کا سکرین شاٹ لے لیا ہے میں نے، جس پر مزمل نے موقف اپنایا کہ ’میرا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے میں نے نہیں کی ٹویٹ‘۔

ٹیلی کام ادارے پی ٹی سی ایل کے مینیجر نیٹ ورک سپورٹ مزل طوری کے سوال پر گفتگو طویل ہوئی تو کچھ صارف اپنے انٹرنیٹ کنکشن کا مسئلہ بھی درمیان میں لے آئے۔ عبداللہ نامی صارف نے نیٹ سست رفتار ہونے کی وجہ جاننا چاہی تو مزمل نے جواب دیا ’سر وہ کورونا کی وجہ سے سلو چل رہا ہو گا‘۔

گفتگو کا حصہ بننے والے بہت سے صارف ڈپٹی کمشنر کو یہ نکتہ یاد دلاتے رہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران شادیوں پر پابندی ہے ایسے میں مزمل طوری سے پوچھیں کہ شادی کیسے کر لی؟ جواب میں مزمل کو وضاحت کرنا پڑی کہ ان کی شادی کو ایک برس ہو چکا ہے۔ البتہ وہ یہ نہیں بتا سکے کہ مارگلہ ٹریکس تو تین ماہ قبل بند ہوئے تھے اس سے پہلے وہ اہلیہ کو وعدہ پورا کرنے ٹریلز پر کیوں نہیں لے گئے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: