Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزنی کرکٹر انگلینڈ میں کھیلنے کو بے تاب

آل راؤنڈر کارنوال ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے دنیا کے بھاری بھرکم  کھلاڑی ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
 ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر رکیم کارنوال بھی اس 14 رکنی ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ میں موجود ہیں جو میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔
رکیم کارنوال ویسٹ انڈیز سکواڈ میں شامل کیے جانے اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلے جانے پر بے حد خوش ہیں۔ اس سیریز کا پہلا ٹیسٹ 8 سے 12 جولائی تک ہیمپ شائر کے روز باؤل سٹیڈیم میں تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا۔ 
دنیا کے سب سے بھاری بھرکم کرکٹر رکیم کارنوال نے سپورٹس چینل ’ای ایس پی این‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک مرتبہ پھر کرکٹ کھیلنے پر انتہائی پرجوش ہیں، اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا حصہ ہونا ان کے لیے باعث فخر ہے۔
رکیم کا کہنا تھا کہ یقیناً برطانوی کرکٹ گراؤنڈز پر کھیلنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا اور وہ اس سے قبل 2018 میں انگلینڈ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے لیے کھیل چکے ہیں۔
رکیم نے گزشتہ سال جمیکا ٹیسٹ میں انڈیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور لکھنؤ ٹیسٹ میں افغانستان کے خلاف 10 وکٹیں حاصل کر کے بہترین بولر کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

افغانستان کے خلاف دس وکٹیں حاصل کر کہ بہترین بولر کا ریکارڈ قائم کیا (فوٹو اے ایف پی)

آل راؤنڈر کارنوال ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے دنیا کے بھاری بھرکم کھلاڑی ہیں جو آف سپنر ہونے کے ساتھ ساتھ لوئر آرڈر بیٹسمین بھی ہیں۔
انہوں نے گزشتہ برس انڈین ٹیم کے خلاف پریکٹس میچ میں پانچ وکٹیں لے کر پجارا، وراٹ کوہلی اور اجنکیا ریحانے جیسے کھلاڑیوں کو کافی مشکل میں ڈال دیا تھا۔
رکیم نے انٹرویو میں بتایا کہ ان کے لیے کافی خوشی کا مقام تھا جب وراٹ کوہلی نے انہیں پریکٹس کی غرض سے بولنگ کروانے کا کہا۔ کارنوال کا کہنا تھا کہ ایسے منجھے ہوئے بیٹسمین کو بولنگ کروانے سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، بالخصوص صبر اور تحمل سے کھیلنا۔
انہوں نے کہا کہ بطور سپنر ان کا اونچا قد کافی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپن بولنگ کوچ  مشتاق احمد سے انہوں نے سپن بولنگ کے مختلف انداز سیکھے تھے۔

رکیم آف سپنر ہونے کے ساتھ ساتھ لوئر آرڈر بیٹسمین بھی ہیں (فوٹو اے ایف پی)

رکیم کے بقول انگلینڈ کے کرکٹ گراؤند سپن بولنگ کے لیے زیادہ مؤثر نہیں ہیں، تاہم موسم خشک ہونے کی صورت میں اچھی سپن بولنگ ہو سکتی ہے۔
 آخر میں ان کا کہنا تھا کہ اچھا کھلاڑی ہونے کے لیے صبر اور مسقل مزاجی ہی راز ہے۔        
انگلینڈ میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 8 سے 12 جولائی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 16 سے 20 اور آخری ٹیسٹ میچ 24 سے 28 جولائی تک اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: