Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رواداری کے فروع کے لیے ٹوئٹر پر مقابلہ

’ٹویٹ فار ٹالرنس‘ مقابلہ عرب یوتھ سینٹر ابوظبی اور ٹویٹر مڈل ایسٹ اینڈ نارتھ افریقہ آفس کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ (فوٹو: وام)
ابوظبی کے وزیر برائے رواداری شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے بدھ کو ’ٹویٹ فار ٹالرنس‘ مقابلے کا افتتاح کیا جو کہ عرب دنیا اور مشرق وسطیٰ کے لوگوں کو رواداری، برداشت اور پرامن بقائے باہمی کے حوالے سے اپنے خیالات کے اظہار کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔
اماراتی خبر ایجنسی وام کے مطابق مقابلے میں شریک افراد پرامن بقائے باہمی، اختلاف کو برداشت کرنے، انسانی حقوق اور دوسرے اقدار اور شدت پسندی، تشدد اور عدم برداشت کی ہر شکل کو مسترد کرنے کے حوالے سے اپنی آرا پیش کریں گے۔
’ٹویٹ فار ٹالرنس‘ مقابلہ عرب یوتھ سینٹر ابوظبی اور ٹوئٹر کے 'مڈل ایسٹ اینڈ نارتھ افریقہ' آفس کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔
مقابلے میں حصہ لینے والے تین زبانوں عربی، انگریزی اور فرانسیسی میں رواداری اور برداشت کے حوالے سے اپنی آرا بیان کریں گے۔
مقابلے کے آغاز کا اعلان وزارت رواداری کی جانب سے منعقد کی جانے والی آئن لائن پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔
پریس کانفرس کے دوران وزارت رواداری آفس کے ڈائریکٹر جنرل افرا الصبری، وزارت کے اعلی عہدیدار، مختلف عرب ممالک سے 50  سے زائد نوجوان، عرب یوتھ سینٹر کے عہدیدار اور ٹوئٹر کے مڈل ایسٹ آفس کے اہلکار بھی موجود تھے۔
اس موقعے پر وزیر برائے رواداری شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے بتایا کہ وزارت نے حالیہ دنوں میں بڑی تعداد میں امارات میں مقیم کئی عرب ممالک کے ’چیمپیئن آف ٹالرنس‘ کی تربیت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت نے بارہ سے زائد ممالک کے نوجوانوں کے ایک گروپ کی برداشت، پرامن بقانے باہمی اور انسانی حقوق کے حوالے سے بھی تربیت کی ہے۔
شیخ نہیان بن مبارک کا کہنا تھا کہ ’نوجوانوں کی تربیت کے پروگرام کے اگلے مرحلے کا مقصد آئندہ نسل کو عدم برداشت، شدد پسندی اور منافرت سے محفوظ رکھنا ہے۔

مقابلے میں حصہ لینے والوں کے لیے ضروری ہے کہ ان کا تعلق کسی عرب ملک سے ہو (فوٹو: وام)

ان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ بالا مقاصد وزارت روداری مختلف ذرائع بشمول سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے تعاون سے حاصل کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقابلے میں شرکت کے لیے کم از کم تین افراد نئے یا موجودہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے برداشت اور رواداری کے حوالے سے مؤثر مواد شیئر کریں گے۔
ان کے مطابق مقابلے کے تمام شرکا کو ایک گائیڈ مہیا کی جائے گی جس میں مقابلے کی شرائط، حصہ لینے کا طریقہ اور برداشت کے حوالے سے تفصیلات ہوں گی۔
مقابلے میں حصہ لینے کے شرائط کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شرکا کا تعلق کسی عرب ملک سے ہونا چاہیے۔
’مقابلے میں شرکت کے لیے شرکا منسٹری کے اکاؤنٹ @uaetolerance کو فالو کریں اور مقابلے کے حوالے سے ٹویٹ کو لائیک کریں۔‘
ٹوئٹر کے مینا ریجن کے ہیڈ آف پبلک پالیسی اور گورنمنٹ ریلیشن جارج سلاما کا کہنا تھا کہ ’ہم نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ ٹوئٹر کی جانب سے مہیا کردہ طاقت کو مثبت اور اوپن مسیجنگ میں تبدیل کریں جس سے صحت مندانہ گفتگو کی حوصلہ افزائی ہو۔‘

شیئر: