Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مریخ مشن کی لانچنگ 15 جولائی کو

توقع کی جارہی ہے کہ یہ فروری تک اپنے مدار میں پہنچ جائے جب امارات کی گولڈن جوبلی منائی جارہی ہوگی ( فوٹو: وام)
امارات کا مریخ مشن بدھ 15 جولائی کو لانچ کیا جائے گا۔ جاپان کے ٹینگاشیما فلکی سینٹر سے امارات کے وقت کے مطابق رات 12 بجے لانچ کیا جائے گا۔
امارات کی نیوز ایجنسی کے مطابق اماراتی ماہرین کی ٹیم لانچنگ سے پہلے حتمی تجرباتی مراحل میں ہے۔
امارات کے مریخ مشن کو ’ہوپ مشن‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس منصوبے پر اماراتی نوجوان کام کر رہے ہیں۔
توقع کی جا رہی ہے کہ یہ فروری تک اپنے مدار میں پہنچ جائے گا۔ اس وقت متحدہ عرب امارات کی گولڈن جوبلی منائی جا رہی ہوگی۔
اس منصوبے پر کام سال 2014 میں شروع کیا گیا تھا۔ ٹیم نے خلائی جہاز کا ڈیزائن تیار کیا اور خود ہی اسے بنایا۔
ٹیم نے اس کو بار بار ٹیسٹ کیا اور اس کو سخت حالات سے گزارا۔
مریخ مشن کا مقصد خلائی صنعت میں متحدہ عرب امارات کے داخلے کو مستحکم کرنا، خلائی سائنس اور انجینئرنگ میں ملک کی صلاحیتوں کو فروغ اور خلائی تحقیق کی عالمی کوششوں میں اماراتی نوجوانوں اور عرب صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔
 کورونا وائرس کی عالمی وبا سے درپیش چیلنجوں کے باوجود شیڈول کے مطابق مریخ مشن کی لانچنگ کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

منصوبے پر کام 2014 میں شروع کیا گیا تھا، ٹیم نے خلائی جہاز کا ڈیزائن تیار کرکے خود ہی اسے بنایا (فوٹو: وام)

تحقیقاتی مشن مریخ کے ماحول اور اس کی تہوں کی پہلی بار تصاویر فراہم کرے گا۔ یہ مریخ کے ماحول کے بارے میں سائنسی معلومات اکٹھا کرے گا جن کا پوری دنیا کے سائنسی شراکت داروں کے ساتھ تبادلہ کیا جائے گا۔
امارات کا مریخ مشن آب و ہوا اور موسمی تبدیلیوں کا پہلی بار جائزہ لے گا جس میں گرد کے طوفان، درجہ حرارت میں تبدیلی اور مریخ کی سطح کی تحقیقات کرے گا۔

شیئر: